سری نگر،11 ستمبر:حیدریہ سپورٹس فٹبال کلب بنگلور میں چار اکتوبر سے کھیلی جانے والی سیکنڈ ڈویژن لیگ میں امسال جموں و کشمیر کی نمائندگی کرے گی۔حیدریہ سپورٹس فٹبال کلب جموں و کشمیر کا واحد کلب ہے جس نے اس لیگ کے لئے کوالیفائی کیا ہے۔کلب کے منیجر منیر حسین غازی نے یو این آئی اردو کو بتایا کہ ہم چاہتے ہیں کہ ہمارے کلب میں زیادہ سے زیادہ تعداد میں کھلاڑی شامل ہو جائیں تاکہ وہ قومی سطح پر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا سکیں۔انہوں نے کہا کہ ہم یہ کلب گذشتہ زائد از سات برسوں سے چلا رہے ہیں لیکن ابھی تک متعقلہ محکمہ ہماری کوئی مدد نہیں کر رہا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ حیدریہ سپورٹس فٹبال کلب ان دس کلبوں میں شامل ہے جس کو امسال یہ لیگ کھیلنے کے لئے منتخب کیا گیا ہے۔موصوف منیجر نے کہا کہ ہم یونین ٹریٹری کے کھلاڑیوں کے لئے ٹی آر سی گرائونڈ میں اوپن ٹرائل کر رہے ہیں کوئی بھی کھلاڑی آ کر اس میں حصہ لے سکتا ہے۔انہوں نے حکومت سے اپیل کی کہ وہ ان کی بھرپور مدد کریں تاکہ وہ اس مشن کو نئی بلندیوں تک پہنچانے میں کامیاب ہو سکیں۔ (یو این آئی)