نئی دہلی ، 18 ستمبر:وزیر اعظم نریندر مودی نے ہفتے کے روز کووڈ ویکسینیشن مہم میں گوا کی شاندار کامیابی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ریاست برانڈ انڈیا کی مضبوط شناخت ہے اور حکومت اس کے کردار کو فروغ کے لیے پرعزم ہے۔کووڈ ویکسینیشن مہم کے حصے کے طور پر گوا کی پوری بالغ آبادی کو دی جانے والی کورونا ویکسین کی پہلی خوراک کی حصولیابی پر آج ویڈیو کانفرنس کے ذریعے ہیلتھ ورکرز ، ڈاکٹروں اور مستفید افراد کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا ، ’گوا میں ہر مستحق شخص ویکسین کی پہلی ڈوز مل چکی ہے۔ کورونا کے خلاف جنگ میں یہ ایک بڑی بات ہے۔ اس کے لیے گوا کے تمام لوگوں کو بہت بہت مبارکباد‘۔گوا کو ملک کا برانڈ ایمبیسڈر قرار دیتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا ، ’گوا لامحدود امکانات کی سرزمین ہے گوا نہ صرف ملک کی ایک ریاست ہے بلکہ برانڈ انڈیا کی ایک مضبوط شناخت ہے اور یہ ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ گوا کے اس کردار کو فروغ دیں‘۔وزیر اعظم نے کہا کہ گوا میں جو اچھے کام ہو رہے ہیں اس میں تسلسل بہت ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ سب کچھ ریاست میں سیاسی استحکام کی وجہ سے ممکن ہوا ہے کیونکہ گوا کو طویل عرصے کے بعد اچھی حکمرانی اور سیاسی استحکام ملا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ گوا کے لوگ اس استحکام کو برقرار رکھیں گے‘۔سیاحت کے نقطہ نظر سے گوا کو انتہائی اہم قرار دیتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا ، ’ہندوستان نے اپنی ویکسینیشن مہم میں سیاحت کے شعبے سے وابستہ ریاستوں کو بڑی ترجیح دی ہے۔ شروع میں ہم نے نہیں کہا کیونکہ اس پر بھی سیاست شروع ہونے لگتی ، لیکن یہ بہت ضروری تھا کہ ہمارے سیاحتی مقامات کھلیں‘۔انہوں نے کہا کہ اس بابت غیر ملکی سیاحوں کی حوصلہ افزائی کے لیے ایک اہم قدم اٹھاتے ہوئے ، مرکزی حکومت نے ہندوستان آنے والے 5 لاکھ سیاحوں کو مفت ویزا دینے کا فیصلہ کیا تھا۔ (یو این آئی)