شارجہ، 28 ستمبر:عمدہ گیندبازی کی بدولت کولکاتہ نائٹ رائیڈرز نے منگل کو یہاں آئی پی ایل 14 کے 41 ویں میچ میں دہلی کیپیٹلز کو 127 رنز پرروک دیا۔کولکاتہ نے ٹاس جیت کر گیندبازی کرنے کے فیصلے کے بعد منصوبوں پر عمل کیا اورکفایتی گیندبازی کی بدولت دہلی کو مقررہ 20 اوورمیں نووکٹ پر 127 رن ہی بنانے دئے۔ مسٹری اسپنر سنیل نارائن، فاسٹ باؤلر لوکی فرگوسن اور وینکٹیش ایئر نے دو -دو، جبکہ ٹم ساؤتھی نے ایک وکٹ حاصل کیا۔ تمام گیند بازوں نے کفایتی گیندبازی کی۔ نارائن، فرگوسن، ایئر اور ساوتھی نے بالترتیب چار اوورز میں 18 رنز دے کر دو، دو اوورز میں 10 پر دو، چار اوورز میں 29 رن دے کر دو اور چار اوورز میں 29 رن پرایک وکٹ حاصل کیا۔سست پچ کی وجہ سے دہلی نے دھیماآغاز کیا۔ پرتھوی شا کی غیر موجودگی میں اسٹیون اسمتھ شکھر دھون کے ساتھ اننگز کا آغاز کرنے آئے۔ دہلی کا پہلا وکٹ شکھر دھون کی شکل میں 35 رنز پر گرا۔ وہ 20 گیندوں میں پانچ چوکوں کی مدد سے 24 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ فرگوسن نے انہیں اپنا شکار بنایا۔ شریئس ایئر پھر نارائن کی مسٹری گیند میں پھنس گئے۔ انہیں ایک پرپویلین لوٹنا پڑا۔ اس کے بعد کپتان رشبھ پنت نے اسمتھ کے ساتھ اننگز کو سنبھالا۔ دونوں نے تیسرے وکٹ کے لیے 37 رنز کی شراکت کی، لیکن اسمتھ بھی آؤٹ ہونے کے بعد واپس چلے گئے۔ اس کے بعد مسلسل وکٹ گرتے رہے۔ اس کے نتیجے میں دہلی کی ٹیم 127 رنزکا کم اسکور ہی بناسکی۔ پنت نے 36 گیندوں پر تین چوکوں کی مدد سے 39 اور اسمتھ نے 34 گیندوں پر چار چوکوں کی مدد سے 39 رنز بنائے۔دہلی اور کولکاتہ دونوں ٹاپ چار کی ٹیمیں ہیں۔ دہلی 16 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے جبکہ کولکتہ آٹھ پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہے۔ یہ میچ جیتنا دونوں کے لیے فائدہ مند ثابت ہوگا۔ کولکاتہ جہاں اس جیت کے ساتھ ٹاپ فور میں برقراررہے گا، وہیں دہلی ناک آؤٹ مرحلے کے لیے کوالیفائی کرے گی۔ (یو این آئی)