اسلام آباد، یکم جولائی (یو این آئی) //پاکستان نے جدید ترین تکنک سے بنا ’وی ٹی فور ٹینکس کی پہلی کھیپ اپنے فوجی بیڑے میں جمعرات کو شامل کرلیا ہے۔پاکستانی فوج کے ترجمان نے کہا کہ پاک آرمی نے جدید ‘وی ٹی فور’ ٹینکس کی پہلی کھیپ بیڑے میں شامل کر لی ہے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) سے جاری بیان کے مطابق کور کمانڈر منگلا لیفٹننٹ جنرل شاہین مظہر محمود نے آرمرڈ ڈویژن کا دورہ کیا اور وی ٹی فور ٹینکس کی پہلی کھیپ کا معائنہ کیا۔میجر جنرل راشد محمود نے ٹینکس کی پہلی کھیپ کے معائنے کے حوالے سے کور کمانڈر کو بریفنگ دی۔ڈان میں شائع ایک رپورٹ کے مطابق لیفٹننٹ جنرل شاہین مظہر محمود نے ٹینکس کی نقل و حرکت اور قابلیت کے ٹیسٹ کا معائنہ کیا اور ان کے بیڑے میں آسانی سے شمولیت کے لیے کی جانے والی کوششوں کی تعریف کی۔واضح رہے کہ چین کے سرکاری آرمرڈ وہیکل مینوفیکچرر ‘نورِنکوکے تیار کردہ ‘وی ٹی 4’ ٹینکس کے ڈیلوی کا آغاز گزشتہ سال اپریل میں ہوا تھا۔تھائی لینڈ اور نائیجیریا کے بعد چین سے یہ ٹینکس خریدنے والا پاکستان تیسرا ملک ہے۔گزشتہ سال ستمبر میں آرمرڈ کور میں شمولیت کے بعد پاک آرمی نے جہلم کے قریب تِلہ فیلڈ فائرنگ رینج میں ٹینک کا عملی مظاہرہ کیا تھا۔چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے اس مظاہرے کا معائنہ کیا تھا۔اس وقت بیان میں آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ بیڑے میں شمولیت کے بعد ٹینک کو اسٹرائیک فارمیشن کے زیر استعمال لایا جائے گا۔بیان میں کہا گیا تھا کہ ‘وی ٹی 4 دنیا کسی بھی جدید ٹینک کا مقابلہ کر سکتا ہے جو مربوط تحفظ، جدید ترین جنگی صلاحیت اور ٹیکنالوجی کا حامل ہے۔