ممبئی//سابق ہندوستانی آل راؤنڈر عرفان پٹھان نے ہندوستانی ٹیم کی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ (ڈبلیو ٹی سی) فائنل میں ہوئی شکست کا تجزیہ کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستانی ٹیم، ڈبلیو ٹی سی فائنل میں کم بلے بازوں کے ساتھ میدان اتری عرفان نے جمعرات کو اسٹار اسپورٹس کے پروگرام ’فالو دی بلوز’ میں کہا،’میں نے ڈبلیو ٹی سی فائنل سے پہلے ہی اس بارے میں بات کی تھی۔ مجھے لگتا ہے کہ ٹیم میں مزید ایک بلے باز ہونا چاہیے تھا۔ ہمارے پاس کوالٹی تیز گیندباز آل راؤنڈر نہیں ہے، جو نیوزی لینڈ کے پاس ہے۔ ایسے آل راؤنڈر کو ڈھونڈنا مشکل ہے۔ اب اگر ہم مناسب کرکٹ کے نقطہ نظر سے بات کریں تو مجھے لگتا ہے کہ پہلی پاری شاندار تھی لیکن دوسری پاری میں ہندوستانی ٹیم کی بلے بازی مایوس کن تھی۔دوسری پاری میں گیند اتنی سوئنگ نہیں کر رہی تھی اور ہندوستانی بلے باز زیادہ ذمہ داری سے بلے بازی کر سکتے تھے۔ میں ایک بلے باز کے طور پر رشبھ پنت کی صلاحیتوں سے آگاہ ہوں اور وہ گیندوں کو بہت اچھی طرح سے ہِٹ کر سکتے ہیں، لیکن اس کا مطلب یہ نہیں ہے کہ آپ ایک تیز گیندباز کو باہر نکل کر ماریں۔ ذمہ داری سے کھیلنا چاہیے تھا‘۔(یو این آئی)