شارجہ ، 13 اکتوبر:گیندبازوں کی بہترین کارکردگی کے بعد سلامی بلے باز وینکٹیش ایئر (55) اور شبمن گل (46) کی بہترین اننگز اور اس کے بعد آخری اوور کی پانچویں گیند پر راہل ترپاٹھی کے زبردست چھکے سے کولکتہ نائٹ رائیڈرز نے دہلی کیپیٹلز پر بدھ کے روز دوسرے کوالیفائر میں تین وکٹوں سے جیت درج کر کے آئی پی ایل کے فائنل میں جگہ بنا لی ، جہاں اس کا مقابلہ جمعہ کو چنئی سپر کنگز سے دبئی میں ہوگا۔دہلی نے سلامی بلے باز شیکھر دھون (36) اور سابق کپتان شریاس ایئر (ناٹ آؤٹ 30) کی اننگز کی مدد سے 20 اوور میں 5 وکٹوں پر 135 رن بنائے لیکن ایئر اور گل نے ابتدائی شراکتداری میں 12.2 اوور میں 96 رن جوڑ کر ہدف کو آسان بنا دیا ۔ لیکن اس کے بعد اس کی بلے بازی ٹھیک نہیں رہی اور اس نے سات رن کے وقفے میں چھ وکٹیں گنوا دیں اور اس کا اسکور 19.4 اوور میں سات وکٹوں پر 130 رن ہو گیا ، لیکن ترپاٹھی نے آخری اوور میں آف اسپنر روی چندرن اشون کی پانچویں گیند پر سیدھا چھکا مار کر کولکتہ کو فائنل پہنچا دیا ۔ دہلی پچھلے سیزن میں رنر اپ رہی تھی لیکن اس باراس کا سفر دوسرے کوالیفائر میں ختم ہو گیا ۔ (یو این آئی)