دبئی ، 18 اکتوبر: پاکستان کی ٹیم نے کپتان بابر اعظم (50) اور ٹاپ آرڈر کے بلے باز فخر زمان (46) نے شاندار اننگز کی بدولت پیر کے روز دفاعی چیمپئن ویسٹ انڈیز کو آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ 2021 کے وارم اپ میچ میں سات وکٹوں سے شکست دی۔ویسٹ انڈیز نے ٹاس جیت کر بلے بازی کا فیصلہ کیا اور لڑکھڑاتے ہوئے 20 اوورز میں سات وکٹوں پر 130 رنز بنائے۔ جواب میں پاکستان نے بابر اعظم اور فخر زمان کے بالترتیب 50 اور 46 رنز کی شاندار اننگز کی بدولت 15.3 اوورز میں 131 رنز بنا کر سات وکٹوں سے جیت حاصل کی۔ بابر نے 41 گیندوں پر چھ چوکوں اور ایک چوکے کی مدد سے 50 اور فخر نے 24 گیندوں پر چار چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 46 رنز بنائے۔ فخر نے ایک چھکا لگا کر ٹیم کو شاندار انداز میں جیت دلائی ۔تجربہ کار اور سینئر بلے باز شعیب ملک نے بھی آخر میں دو چوکوں کی مد د سے 11 گیندوں میں اہم 14 رنز بنائے۔اس سے قبل پاکستان کی گیندبازی بھی اچھی تھی۔ نپی تلی گیند بازی کی بدولت اس نے ویسٹ انڈیز کو 130 کے چھوٹے اسکور تک محدود کر دیا۔ یہی نہیں ، ایک وقت پر ویسٹ انڈیز کو 100 رنز بنانا بھی مشکل ہو رہا تھا ، لیکن کپتان کیرون پولارڈ نے آخر میں آکر ایک دھماکہ خیز اننگز کھیلی اور ٹیم کو 130 تک پہنچا دیا۔ انہوں نے 10 گیندوں میں پانچ چوکوں کی مدد سے 24 رنز بنائے۔پاکستان کی جانب سے حسن علی ، حارث رؤف اور شاہین آفریدی نے دو ، دو جبکہ عماد وسیم نے ایک وکٹ حاصل کی۔ویسٹ انڈیز کی گیندبازی کچھ خاص نہیں رہی۔ صرف روی رام پال اور ہیڈن والش کو کامیابی ملی۔ دونوں نے تین اوورز میں 19 رنز کے عوض ایک اور 3.3 اوورز میں 41 رنز پر دو وکٹیں حاصل کیں۔ والش نے یقینا دو وکٹیں ملیں ، لیکن وہ بہت مہنگے ثابت ہوئے ۔ اس کے علاوہ کسی گیندباز کو کامیابی نہیں ملی۔ (یو این آئی)