ابوظہبی، 20 اکتوبر: پتھم نسانکا (61) اور ونندو ہسارنگا (71) کی شاندار نصف سنچریوں اور گیند بازوں کی شاندار کارکردگی کے باعث سری لنکا نے آئرلینڈ کو 70 رنوں کے بڑے فرق سے شکست دے کر آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ کے ڈرا میں جانے کے اپنے دعوے کو مضبوط بنیا لیا۔سری لنکا نے 20 اوورز میں سات وکٹوں پر 171 رنز بنانے کے بعد آئرلینڈ کو 18.3 اوورز میں 101 رنز پر ڈھیر کر دیا اور کوالیفائنگ گروپ- اے کے میچ میں 70 رنوں کے بڑے فرق سے فتح حاصل کی۔ یہ سری لنکا کی مسلسل دوسری جیت ہے اور وہ چار پوائنٹس کے ساتھ گروپ میں سرفہرست پہنچ گئی ہے۔ آئرلینڈ کو دو میچوں میں اپنی پہلی شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے اور وہ گروپ ٹیبل میں سری لنکا کے بعد دوسرے نمبر پر ہے۔میچ کے بہترین کھلاڑی بننے والے ہسارنگا نے 47 گیندوں پر 71 رنز کی اننگز میں 10 چوکے اور ایک چھکا لگایا۔ نیسانکا نے 47 گیندوں پر 61 رنز میں چھ چوکے اور ایک چھکا لگایا۔ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے آئرلینڈ نے ایک وقت میں تین وکٹوں پر 85 رنز بنالیے تھے لیکن اس سے آگے 16 رنوں کا اضافہ کرنے کے بعد انہوں نے اپنی باقی تمام وکٹیں گنوا دیں۔ آئرلینڈ کے کپتان اینڈریو بلبیرنی نے 39 گیندوں میں دو چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے سب سے زیادہ 41 رنز بنائے اور آٹھویں بلے باز کے طور پر آؤٹ ہوئے۔ (یو این آئی)