دبئی ، 20 اکتوبر: کپتان اور سلامی بلے باز روہت شرما (60 ریٹائرڈ ہرٹ) کی شاندار نصف سنچری کی بدولت ہندوستان نے آسٹریلیا کو آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ کےپریکٹس میچ میں بدھ کے روز نو وکٹوں سے شکست دے کر مسلسل دوسری جیت درج کی۔آسٹریلیا نے اسٹیون اسمتھ (57) کی شاندار نصف سنچری اور گلین میکسویل (37) اور مارکس اسٹوئنس (41) کی شاندار نصف سنچری کی مدد سے 20 اوورز میں 5 وکٹوں پر 152 کا چیلنجنگ اسکور بنایا تھا لیکن ہندوستان نے 17.5 اوورز میں ایک وکٹ پر یکطرفہ انداز میں 153 رن بناکر جیت حاصل کرلی۔آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر بلے بازی کا فیصلہ کیا لیکن اس کا آغاز خراب رہا ٹیم نے 11 رنز پر تین وکٹیں گنوا دیں۔ لیکن اسمتھ اور میکسویل نے چوتھی وکٹ کے لیے 61 رنز کی شراکت کی۔ میکسویل کو 28 گیندوں پر پانچ چوکوں کی مدد سے 37 رنز بنانے کے بعد لیگ اسپنر راہل چاہر نے بولڈ کیا۔اسمتھ نے اس کے بعد پانچویں وکٹ کے لیےا سٹائنس کے ساتھ 76 رنز جوڑے۔ا سمتھ اننگز کے آخری اوور کی پانچویں گیند پر 48 گیندوں پر سات چوکوں کی مدد سے 57 رنز بنانے کے بعد بھونیشور کمار کا شکار بن گئے۔ اسٹائنس نے 25 گیندوں پر چار چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے ناٹ آوٹ 41 رنز بنائے۔ میتھیو ویڈ نے ایک گیند کھیلی اور اس پر چوکا لگایا۔روی چندرن اشون نے ہندوستان کے لیے دو اوورز میں صرف آٹھ رنز دے کر دو وکٹیں حاصل کیں۔ اشون نے اننگز کا دوسرا اوور پھینکا اور پانچویں گیند پر ڈیوڈ وارنر اور چھٹی گیند پر مشل مارش کی وکٹیں حاصل کیں۔ وارنر کی ناقص فارم اس میچ میں بھی جاری رہی اور وہ صرف ایک رن بنا سکے۔ مارش بغیر کوئی رن بنائے آوٹ ہوئے۔ کپتان ایرون فنچ آٹھ رن بناکر لیفٹ آرم اسپنر رویندر جدیجہ کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئے۔جڈیجا نے چار اوورز میں 35 رنز دے کر ایک وکٹ حاصل کی۔ بھونیشور نے 27 اور راہل چاہر نے 17 رنز کے عوض ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ باقاعدہ کپتان وراٹ کوہلی نے بھی اس میچ میں دو اوورز کیے اور 12 رن دیئے۔ (یو این آئی)