یوپی بورڈ کے سال2022میں ہونے والے ہائی اسکول وانٹرمیڈیٹ کے بورڈ امتحانات مارچ2022کے آخری ہفتہ میں کرائے جانے کی تجویز ہے۔یوپی بورڈ کی جانب سے جاری تعلیمی کلینڈر میں واضح کیا گیا ہے کہ ہائی اسکول اور انٹر میڈیٹ کے طلبہ وطالبات کو اس تعلیمی سال میں تین مرتبہ پریکٹیکل امتحانات دینے ہوں گے۔کورونا انفیکشن پھیلے رہنے کی مدت کے دوران تمام تعلیمی امور میں خلل واقع ہونے کی وجہ سے رزلٹ تیاریوں میں کافی دشواریاں پیش آئیں۔اسلئے اس مرتبہ گھریلو امتحانات اور بورڈ امتحانات میں اہم تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ترمیم شدہ ٹائم ٹیبل کے مطابق اب ہائی اسکول وانٹرمیڈیٹ کے طلبہ وطالبات کو نومبر کے دوسرے ہفتہ میں ششماہی امتحان کے لیے پریکٹیکل کے امتحان دینے ہوں گے۔بعد ازاں 24/جنوری سے 31/جنوری تک پری بورڈ کے پریکٹیکل امتحانات منعقد کئے جائیں گے جبکہ فروری 2022کے آخری ہفتہ میں بورڈ پریکٹیکل کرائے جانے کی تجویز ہے۔یوپی بورڈ کے اعلان کے مطابق نومبر کے تیسرے ہفتہ میں ششماہی تحریری امتحان منعقد کئے جائیں گے۔اور دسمبر کے دوسرے ہفتہ تک طلبہ وطالبات کے نمبرات بورڈ کی ویب سائٹ پر اپ لوڈ کرنے ہوں گے۔اس کے بعد جنوری22میں درجہ 9/سے درجہ12/تک کے سلیبس مکمل کرانے ہوں گے کیونکہ ہائی اسکول وانٹر کے پری بورڈ امتحان اور درجہ 9ودرجہ 11 کے سالانہ امتحان فروری 2022کے پہلے ہفتہ میں منعقد کرانے ہوں گے اور پری بورڈ نیز درجہ 9ودرجہ11وانٹرمیڈیٹ کے بورڈ امتحانات 70/فیصد کورس کی بنیاد پر ہی کرائے جائیں گے۔اس سلسلہ میں تجویز حکومت کو بھیجے جانے کی تیاری کی جارہی ہے۔واضح ہو کہ گذشتہ جولائی میں بورڈ نے 70فیصد کورس کی تفصیلات جاری کی تھیں۔لیکن کورونا کی سنگینی کی پیش نظر امتحانات منعقد نہیں کرائے جاسکے تھے۔بورڈ ذرائع کا کہنا ہے کہ اس سال بورڈ امتحانات مارچ میں منعقد کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔واضح ہو کہ امتحانات 70فیصد کورس پر مبنی ہوں گے جبکہ حکومت کی جانب سے جاری کردہ تعلیمی گائڈ لائن کے مطابق تدریسی امور فروری کے پہلے ہفتہ میں مکمل کرالئے جائیں گے۔