چنڈی گڑھ، 5 نومبر: نوجوت سنگھ سدھو نے پنجاب کانگریس صدر کے عہدے سے استعفیٰ واپس لے لیا ہے۔مسٹر نوجوت سدھو نے آج یہاں چنڈی گڑھ پریس کلب میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے یہ اطلاع دی۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ جس روز ریاست کے نئے ایڈوکیٹ جنرل کا تقرر ہوگا، اسی روز وہ ریاستی کانگریس ہیڈکوارٹر جاکر اپنے کام کاج سنبھال لیں گے۔واضح رہے کہ مسٹر سدھو نے کیپٹن امریندر سنگھ کے استعفیٰ کے بعد مسٹر چرنجیت سنگھ چنی کو نیا وزیر اعلیٰ مقرر کیے جانے اور مسٹر امر پریت سنگھ دیول کو ریاست کا ایڈووکیٹ جنرل اور اقبال پریت سنگھ سہوتا کو ریاست کے ڈائرکٹر جنرل آف پولس (ڈی جی پی) مقرر کیے جانے کے خلاف احتجاج میں مسٹر سدھو نے گزشتہ 28 ستمبر کو کانگریس صدر سونیا گاندھی کو ریاستی کانگریس صدر کے عہدے سے اپنا استعفیٰ بھیج دیا تھا۔مسٹر سدھو نے حال ہی میں چنی حکومت پر سوال اٹھائے تھے، لیکن اگلے ہی روز وہ مسٹر چنی کے ساتھ دہرادون پہنچے اور پارٹی کے ریاستی امور کے سابق انچارج ہریش راوت سے ملاقات کی۔ دونوں رہنما بعد میں کیدارناتھ دھام پہنچے اور پوجا کی۔ اب اچانک تبدیلی میں سدھو نے ریاستی صدر کے عہدے سے استعفیٰ واپس لینے کا اعلان کیا ہے، اس کے پیچھے ایک وجہ ہائی کمان کا دباؤ بھی بتایا جا رہا ہے۔ اس بات کا قوی امکان تھا کہ اگر سدھو اپنا استعفیٰ واپس نہیں لیتے ہیں تو ہائی کمان بھی مستقبل قریب میں ریاست میں ہونے والے اسمبلی انتخابات کے پیش نظر ان کا متبادل تلاش کرسکتی ہے۔ اس بات کا احساس ہونے پر سدھو نے فوری طور پر استعفیٰ واپس لینے کا اعلان کیا ہے۔ (یو این آئی)