نئی دہلی، 10 نومبر: دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال نے آج چھٹھ ورتیوں کے درمیان پہنچ کر ان کے ساتھ بھگوان سوریہ کی پوجا کرکے عقیدے کے تہوار چھٹھ میں شامل ہوئے۔مسٹر کیجریوال نے دہلی سمیت تمام ملک کے عوام کو چھٹھ کے پرمسرت موقع پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ میں چھٹی مئیا سے دعا کرتا ہوں کہ آپ سب کے گھر میں ڈھیروں خوشیاں آئیں۔ آپ کا پورا خاندان صحت مند رہے۔ آپ کے گھر میں ڈھیروں برکتیں ہوں اور چھٹھ مئیا آپ کی تمام خواہشات پوری کرے۔ انہوں نے کہا کہ اس بار کورونا کی وجہ سے چھٹھ کے تہوار کی تقریبات میں بہت سی رکاوٹیں تھیں لیکن چھٹھ مئیا کی برکت سے ہم نے تمام رکاوٹیں دور کر دیں۔ مجھے بہت خوشی ہے کہ آج ہم سب چھٹھ کا تہوار بڑے جوش و خروش سے منا رہے ہیں۔ ابھی ہم سب دہلی والوں نے مل کر کورونا پر قابو پا لیا ہے۔ کورونا بہت بری بیماری ہے۔ کورونا ابھی مکمل طور پر ختم نہیں ہوا۔ آپ سب سے گزارش ہے کہ اپنا تھوڑا سا خیال رکھیں۔ جب بھی گھر سے باہر نکلیں ماسک پہنیں۔مسٹر کیجریوال نے آج مشرقی قدوائی نگر اور ڈی آئی زیڈ سیکٹر-4، راجہ بازار پہنچ کر چھٹھ تہوار کے جشن کی تیاریوں کا جائزہ لیا اور چھٹھ پوجا میں حصہ لیا۔ وزیر اعلیٰ نے بھکتوں کے ساتھ سورج دیوتا کی پوجا کی اور ملک کے لوگوں کی صحت اور خوشحالی کے لیے دعا کی۔دہلی کے کابینہ وزیر ستیندر جین بھی چھٹھ گھاٹ پہنچے اور عقیدت مندوں کے ساتھ چھٹھ مئیا کی پوجا کی۔ انہوں نے کہا کہ آج سورج کی پوجا کے عظیم تہوار چھٹھ کے مبارک موقع پر رانی باغ، سرسوتی وہار اور پکشم وہار کے چھٹھ گھاٹ پر سندھیا آردھیا میں شرکت کی۔ اس موقع پر شامل عقیدت مندوں نے عقیدے کے اس عظیم تہوار کو کورونا کے تمام اصولوں پر عمل کرتے ہوئے بڑی شان و شوکت سے منایا۔کابینی وزیر کیلاش گہلوت نے بھی عقائد کے عظیم تہوار چھٹھ پوجا کے موقع پر نجف گڑھ اسمبلی میں مختلف مقامات پر منعقدہ چھٹھ پوجا میں پہنچ کر چھٹھ مئیا کا آشیرواد لیا اور سب کے لیے صحت مند زندگی کی خواہش کی۔ اس کے علاوہ آپ کے سینئر لیڈر اور کابینی وزیر گوپال رائے نے براری میں چھٹھ گھاٹوں کا جائیزہ لینے اور پوجا کی۔ (یو این آئی)