بیجنگ: چین نے امریکا کو مذاکرات کی دعوت دے دی ۔ چینی صدر نے کہا ہے کہ علاقائی سلامتی اور عالمی مسائل پر امریکا کے ساتھ تعاون کو تیار ہیں ۔تفصیلات کے مطابق چین کے صدر شی جن پنگ نے اہم عالمی مسائل کے حل کے لئے امریکا کو مذاکرات کی پیشکش کی ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ شدید اختلافات کے باوجود علاقائی سلامتی اور عالمی مسائل پر امریکا کے ساتھ تعاون کے لیے تیار ہیں۔ چینی صدرنے امریکا کے ساتھ مسائل پر بات چیت کے ساتھ حل کرنے کا عندیہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ اختلافات سے مناسب طریقے سے نمٹنے کے لیے امریکا کے ساتھ کام کرنے کے لیے تیار ہیں۔چینی صدر نے ان خیالات کا اظہار ایک خط میں کیا جو امریکا میں چین کے سفیر کن گینگ نے واشنگٹن میں یو ایس چائنا تعلقات کے قومی کمیٹی کے عشائیے میں پڑھ کر سنایا۔صدر شی جن پنگ کا اپنے خط میں کہنا تھا کہ ہمارے درمیان اختلافات موجود ہیں لیکن اس کے باوجود چین علاقائی اور عالمی مسائل پر امریکا کے ساتھ تعاون کے لیے تیار ہے۔یاد رہے کہ چین کے صدر کا مفاہمتی خط اس وقت سامنے آیا ہے جب چین امریکا کے صدور کی ورچوئل میٹنگ آئندہ ہفتے منعقد ہو رہی ہے جس میں دونوں ممالک کے درمیان تناؤ کا سبب بننے والے مسائل پر گفتگو کی جائے گی۔واضح رہے کہ سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے معاشی جنگ کو پسندیدہ قرار دیتے ہوئے چین پر اقتصادی پابندیاں عائد اور چینی مصنوعات پر ٹیکس کی شرح میں اضافہ کردیا تھا جس کے جواب میں چین نے بھی ایسا ہی کیا اور یہ مشق تاحال جاری ہے ۔