دبئی، 12 نومبر: پاکستان کے کپتان بابر اعظم نے کل آسٹریلیا کے خلاف دوسرے سیمی فائنل میں حسن علی کے ذریعہ میتھیو ویڈ کے آسان کیچ کوڈراپ کرنا میچ کا ٹرننگ پوائنٹ بتایا۔بابر نے میچ کے بعد کہا، ‘‘ہم نے جس طرح سے آغاز کیا وہ ہمارے پلان کے مطابق تھا۔ ہم نے بھی اچھا اسکور بنایا لیکن ہماری گیندبازی اتنی درست نہیں تھی۔بابر نے ویڈ کا کیچ ڈراپ کرنے کو میچ کا سب سے اہم موڑ بتاتے ہوئے کہا [؟]اگر آپ ایسے مواقع پر کیچ چھوڑیں گے تو میچ کا رخ پلٹ جائے گا اور وہی ٹرننگ پوائنٹ بھی تھا۔ جس طرح ہم نے پورا ٹورنامنٹ کھیلا وہ قابل تعریف ہے ۔ ہم آنے والے دنوں میں ٹیم سے اور بھی بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کے منتظر ہیں۔ویڈ نے 17 گیندوں پر ناٹ آوٹ 41 رن میں دو چوکے اور چار چھکے لگائے ۔ ویڈ نے تین مسلسل چھکے شاہین شاہ آفریدی کے 19 ویں اوور کی تیسری گیند پر حسن علی کے ذریعہ کیچ ڈراپ کرنے کے بعد مارے اور میچ ایک اوور پہلے ہی ختم کرکے جیت اپنے نام کرلی۔ اس شکست کے باوجود بابر نے اپنی ٹیم کی تعریف کرتے ہوئے کہا ، ‘‘ ہر کھلاڑی کا جو رول تھا اس نے اسے بخوبی انجام دیا۔ جس طریقہ سے لوگوں نے ہماری حمایت کی وہ کافی شاندار تھا۔ہم ان کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔’’یواین آئی۔