دوبئی، 15نومبر:آئی سی سی مرد ٹی۔20ورلڈ کپ 2021 کی اپنی ٹیم کا اعلان کردیا ہے لیکن اس ٹیم میں کسی بھی ہندستانی کرکٹ کا نام نہیں ہے۔ پاکستان کے کپتان بابر اعظم کو آئی سی سی ٹیم کا کپتان بنایا گیا ہے۔دراصل ٹی۔20عالمی کپ 2021کے اختتام کے بعد آئی سی سی نے ٹورنامنٹ کی ٹیم کا اعلان کیا ہے۔ حیرانی کی بات یہ ہے کہ اس ٹیم میں ایک بھی ہندستانی کھلاڑی کو شامل نہیں کیا گیا ہے، جس کی وجہ ہنددستانی ٹیم کی ٹی۔20عالمی کپ میں خراب کارکردگی ہے۔ ہندستانی ٹیم سیمی فائنل میں بھی نہیں پہنچ سکی۔ ہندستان کے سرخیوں میں رہنے والے بلے باز اور گیند باز پاکستان اور نیوزی لینڈ کے خلاف اہم لیگ میچوں میں ناکام رہے۔ ہندستانی کرکٹروں نے افغانستان، اسکاٹ لینڈاور نامیبیا کے خلاف آخری تین میچوں میں شاندار کارکردگی کا مظاہر ہ کیا لیکن یہ انہیں آئی سی سی کی ٹورنامنٹ کی ٹیم میں شامل ہونے میں مدد کرنے کے لئے کافی نہیں تھا جبکہ جنوبی افریقہ اور سری لنکا جیسی ٹیموں کے کھلاڑیوں کے نام اس میں شامل ہیں۔پہلی بار چیمپئن بنے آسٹریلیا کی طرف سے سلامی بلے باز اور ٹورنامنٹ کے بہترین کھلاڑی ڈیوڈ وارنر، لیگ اسپنر ایڈم جمپا اور تیز گیندباز جوش ہزلووڈ کو ٹیم میں لیا گیا ہے۔وارنر نے 48.16کے اوسط کے ساتھ ٹورنامنٹ میں کل ملاکر 289رن (دوسرا سب سے بڑا اسکور) بنائے۔ انہوں نے آسٹریلیا کو اپنا پہلا آئی سی سی مرد ٹی۔20عالمی کپ کا خطاب جیتانے میں اہم کردار ادا کیا۔ (یو این آئی)