دبئی 15 نومبر (یو این آئی) ہندوستانی کرکٹ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی) کے صدر سورو گانگولی نے کہا ہے کہ ہندوستان اور پاکستان کے درمیان دو طرفہ سیریز کو دوبارہ شروع کرنا متعلقہ حکومتوں کے ہاتھ میں ہے نہ کہ کرکٹ بورڈوں کے۔قابل ذکر ہے کہ آئی سی سی ایونٹس کے علاوہ دونوں ہمسایہ ممالک کوایک دوسرے کے خلاف کھیلے ہوئے کافی عرصہ ہو چکا ہے۔ دونوں ممالک نے اپنی آخری دو طرفہ سیریز 2012 میں کھیلی تھی۔ پاکستانی ٹیم نے اس ہندوستانی دورے پر تین ون ڈے اور دو ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے تھے۔ ون ڈے سیریز 2-1 سے پاکستان کے نام رہی تھی، جبکہ ٹی -20 سیریز 1-1 سے ڈرا ہوئی تھی۔گانگولی نے جمعہ کو 40 ویں شارجہ بین الاقوامی کتاب میلے میں ایک سوال کے جواب میں ہندوستان اور پاکستان کے درمیان دو طرفہ سیریز نہ ہونے کی وجہ سفارتی وجوہات بتائی۔ انہوں نے کہا کہ اس کے لیے حکومتوں کی اجازت اور رضامندی کی ضرورت ہے، نہ کہ کرکٹ بورڈوں کی۔قابل ذکر ہے کہ اس سے قبل پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے سربراہ رمیز راجہ نے کہا تھا کہ پاکستان اورہندوستان کے درمیان دو طرفہ سیریز کا انعقاد ناممکن ہے۔ تاہم دونوں ممالک کی ٹیمیں آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ 2021 کے لیگ مرحلے کے افتتاحی میچ میں آمنے سامنے ہوئی تھیں، جہاں پاکستان نے آئی سی سی ٹورنامنٹس کی تاریخ میں پہلی بارہندوستان کو شکست دی تھی۔ اس کے بعد پاکستان نے اپنے تمام میچز جیت کر سیمی فائنل میں جگہ بنائی تھی، جہاں اسے آسٹریلیا کے خلاف سنسنی خیز مقابلے میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ دوسری جانب ہندوستانی ٹیم پاکستان اور نیوزی لینڈ سے ہارنے اور دیگر تین ٹیموں سے جیتنے کے بعد چھ پوائنٹس کے ساتھ سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی نہیں کر سکی تھی۔