دبئی، 15 نومبر: نیوزی لینڈ کے ہیڈ کوچ گیری ا سٹیڈ نے ٹیم کے مستقبل کے کرکٹ شیڈول کو مصروف، مشکل اور چیلنجنگ بتایا ہے، حالانکہ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ان کے پاس کوئی دوسرا متبادل نہیں ہے۔اسٹیڈ نے پیر کے روزایک بیان میں کہا، "یہ پہلا موقع ہے جب ہم اتنی جلدی ایک ٹورنامنٹ سے دوسرے ٹورنامنٹ میں جا رہے ہیں۔ یقیناً ہم ایک مصروف، سخت اور چیلنجنگ شیڈول سے گزر رہے ہیں۔ ہمارے 9-10 کھلاڑی پہلے ہی ہندوستان پہنچ چکے ہیں اور دورے کی تیاری کر رہے ہیں۔ ہمیں یقین ہے کہ ہم وہاں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔قابل ذکر ہے کہ نیوزی لینڈ کے کچھ کھلاڑی کچھ عرصے سے مسلسل کرکٹرز کھیل رہے ہیں۔ پہلے انگلینڈ میں ٹیسٹ سیریز، پھر ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ، بنگلہ دیش کے خلاف سیریز، آئی پی ایل اور پھر ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ۔ نیوزی لینڈ کی ٹیم کے 10 کھلاڑی آئی پی ایل کا حصہ تھے۔ اس کے علاوہ جمی نیشم اور گلین فلپس بھی ‘دی ہنڈریڈٹورنامنٹ کا حصہ تھے۔ دوسری جانب مارٹن گپٹل، مارک چیپ مین اور ایش سوڈھی طویل عرصے سے نیوزی لینڈ ٹیم کے بائیو ببل کا حصہ ہیں۔ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ فائنل کے بعد اب نیوزی لینڈ کی ٹیم کو ہندوستان آنا ہے اور 17 نومبر سے تین ٹی ٹوئنٹی اور دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کھیلنی ہے۔ وہ ٹیسٹ کھلاڑی جو نیوزی لینڈ کے ورلڈ کپ اسکواڈ کا حصہ نہیں ہیں وہ پہلے ہی ہندوستان پہنچ چکے ہیں۔دریں اثنا، نیوزی لینڈ کی ٹیم مینجمنٹ کپتان کین ولیمسن کے کام کے بوجھ کو متوازن کرنے کی کوشش کر رہی ہے، جو کہنی کی چوٹ سے پریشان ہیں۔ ورلڈ کپ سے قبل وارم اپ میچوں کے دوران وہ ایک بار پھر اس پرانی انجری سے بے چینی محسوس کر رہے تھے لیکن انہوں نے اس انجری کے ساتھ پورا ورلڈ کپ کھیلا۔ تاہم انجری کے باعث ورلڈ کپ سے باہر ہونے والے تیز گیند باز لوکی فرگوسن کی واپسی کا امکان ہے۔ انہوں نے نیٹ میں پریکٹس شروع کر دی ہے۔ اسٹیڈ کو توقع ہے کہ وہ انتخاب کے لیے دستیاب ہوں گے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ٹیسٹ سیریز ان کی ترجیح ہو گی – (یو این آئی)