دوبئی: ہندوستانی ٹی۔ 20 کرکٹ ٹیم کے کپتانی سے دستبردار ہونے والے وراٹ کوہلی آئی سی سی کی تازہ ترین ٹی 20 بیٹنگ رینکنگ میں ٹاپ 10 سے باہر ہو گئے ہیں۔ہندوستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان حال ہی میں ختم ہونے والی تین میچوں کی ٹی۔ٹوئنٹی سیریز سے آرام کرنے کے بعد وراٹ رینکنگ میں تین مقام کھسک کر 11 ویں نمبر پر آ گئے ہیں۔دریں اثنا، ہندوستانی اوپنر لوکیش راہل اس سیریز میں 49 گیندوں پر میچ وننگ 65 رن کی اننگز کھیلنے کے بعد ایک درجہ ترقی کرکے پانچویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔اس کے علاوہ ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے مستقل کپتان منتخب ہونے والے روہت شرما نیوزی لینڈ کے خلاف ختم ہونے والی ٹی۔ ٹوئنٹی سیریز میں تین اننگز میں دو نصف سنچریوں سمیت 159 رنز بنانے کی بدولت دو درجے چھلانگ لگا کر 13ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔ٹی۔ 20 بولنگ رینکنگ کی بات کریں تو دیپک چاہر کو کافی فائدہ ہوا ہے۔ وہ 19 درجے کی چھلانگ لگا کر 41 ویں نمبر پر آ گئے ہیں جبکہ آل راؤنڈرز کی رینکنگ میں وہ 83 درجے کی چھلانگ لگا کر 163 ویں نمبر پر آ گئے ہیں۔ ان کے علاوہ تیز گیند باز بھونیشور کمار پانچ مقام کے فائدہ کے ساتھ 19 پر پہنچ گئے ہیں، جب کہ تجربہ کار اسپنر روی چندرن 129 مقام کے فائدہ کے ساتھ 92 نمبر پر پہنچ گئے ہیں اور اکشر پٹیل 160 درجے کی چھلانگ لگا کر بولنگ رینکنگ میں 112 ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔دریں اثنا، نیوزی لینڈ کے اوپنر مارٹن گپٹل نے ہندوستان کے خلاف ٹی۔ٹوئنٹی سیریز میں بالترتیب 70، 31 اور 51 رنز کی اننگز کے ساتھ ٹاپ 10 میں واپسی کی ہے۔ وہ اب بلے بازوں کی فہرست میں دسویں نمبر پر آ گئے ہیں۔ ان کے ساتھی مچل سینٹنر نے بھی باؤلرز کی درجہ بندی میں بہتری لائی، 10 درجے ترقی کر کے 13 ویں نمبر پر آ گئے۔پاکستان کے وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان بھی بنگلہ دیش کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز میں شاندار کارکردگی کی بدولت ایک درجہ ترقی کر کے چوتھے نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔ (یو این آئی)