کانپور: ہندوستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان کانپور کے گرین پارک گراؤنڈ میں کھیلے جارہے پہلے ٹیسٹ میچ میں اسٹیڈیم کے اندر اور باہر کووڈ پروٹوکول کی دھجیاں اڑیں۔ضلعی انتظامیہ نے میچ دیکھنے کے لیے اسٹیڈیم کی گنجائش کے 75 فیصد ٹکٹ فروخت کرنے کا حکم دیا ہے۔ تماشائیوں کے ساتھ ساتھ اتر پردیش کرکٹ ایسوسی ایشن (یو پی سی اے) کے عہدیداروں اور سیکورٹی اہلکاروں کو ہدایت دی گئی تھی کہ وہ کووڈ ویکسینیشن کا سرٹیفکیٹ، آرٹی پی سی آر ٹیسٹ رپورٹ اور ماسک پہن کر آئیں، لیکن میچ شروع ہونے سے پہلے ہی تماشائیوں کا ہجوم اسٹیڈیم کی طرف بڑھ گیا اور بغیر ماسک کے جانے لگا تھا۔ داخلے کے وقت تماشائیوں کو ماسک پہنے دیکھا گیا جبکہ اسٹیڈیم میں موجود زیادہ تر تماشائیوں کے چہرے پر ماسک نہیں تھے۔اس کے ساتھ ہی کووڈ پروٹوکول پر عمل کرنے والے یوپی سی اے کے زیادہ تر افسران، ملازمین اور پولیس اہلکار بھی بغیر ماسک کے چلتے پھرتے دیکھے گئے۔ اس دوران کسی نے سماجی فاصلے کی پابندی میں کوئی دلچسپی نہیں دکھائی۔ اسٹیڈیم کے انٹری پوائنٹ پر تھرمل اسکین بھی نظم و ضبط کے ساتھ نہیں کیا جا رہا تھا۔ کسی نے آر ٹی پی سی آر رپورٹ کو دیکھنے یا دکھانے کی پرواہ نہیں کی۔تماشائیوں کو پارکنگ سے اسٹیڈیم تک لے جانے کے لیے گرین پارک انتظامیہ نے 50 ای رکشوں کا انتظام کیا تھا، جن پر گنجائش سے زیادہ لوگ بغیر ماسک کے سوار ہوئے اور کسی سیکیورٹی اہلکار نے اس سلسلے میں کسی کو نہیں روکا۔