نئی دہلی: حکومت نے منگل کو راجیہ سبھا میں پارلیمانی اور جمہوری جذبے کا مظاہرہ کرتے ہوئےڈیم سیفٹی بل 2021 کو ایوان میں پیش کرنے سے موخر کر دیا اور کہا کہ اسے اپوزیشن کے ساتھ بحث کے بعد منظور کیا جائے گا واضح رہے کہ 12 اپوزیشن ارکان کی ایوان سےمعطلی کی مخالفت کرتے ہوئے کانگریس سمیت پوری اپوزیشن نے دن بھر ایوان کی کارروائی سے واک آؤٹ کیا لنچ کے بعد راجیہ سبھا کے ڈپٹی چیئرمین ہری ونش نے ڈیم سیفٹی بل 2021 پیش کرنے کے لیے جل شکتی کے وزیر گجیندر سنگھ شیخاوت کا نام پکارا،تو وہ بل پیش کرنے کے لیے کھڑے ہوگئے۔ اسی دوران پارلیمانی امور کے وزیر پرہلاد جوشی نے انہیں رکنے کا اشارہ کیا اور کہا کہ یہ ایک اہم بل ہے۔ لیکن اپوزیشن کے ارکان ایوان سے واک آؤٹ پر ہیں۔ حکومت نہیں چاہتی کہ یہ بل بحث کے بغیر منظور ہو۔ حکومت تعمیری اور مثبت تنقید کا خیر مقدم کرتی ہے۔ اس لیے اپوزیشن کے ارکان کے ایوان میں آنے کے بعد اس بل پر بحث ہونی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ میرے علم کے مطابق اپوزیشن ارکان دن بھر واک آؤٹ پر ہیں۔ یہ اہم بل ہیں۔ میری تجویز ہے کہ اس بل کو اپوزیشن سے بحث کے بعد منظور کیا جائے۔ اس لیے اسے کل تک ملتوی کر دینا چاہیے۔ جوشی کی اس تجویز سے اتفاق کرتے ہوئے ڈپٹی چیئرمین نے ایوان کی مرضی معلوم کی۔ ایوان نے اس تحریک کو منظور کرلیا۔ اس کے بعد ایوان کی کارروائی کل تک کے لیے ملتوی کر دی گئی۔
یو این آئی