پیرس: متحدہ عرب امارات نے فرانسیسی ساختہ 80 رافیل لڑاکا طیاروں کی خرید کیلئے معاہدے پر دستخط کر دیے ہیں۔فرانسیسی نیوز ایجنسی فرانس 24 کے مطابق امارات اور فرانس کے درمیان جنگی طیاروں کے حوالے سے ہونے والا یہ معاہدہ اب تک کا سب سے بڑا بین الاقوامی معاہدہ ہے۔فرانسیسی ایوان صدر نے بیان جاری کیا جس میں یہ بھی بتایا گیا کہ یو اے ای جو کہ فرانسیسی دفاعی صنعت کے سب سے بڑے صارفین میں سے ایک ہے اور متحدہ عرب امارات نے 12 کاراکال ملٹری ٹرانسپورٹ ہیلی کاپٹر خریدنے پر بھی اتفاق کیا ہے۔دونوں ممالک کے درمیان اسٹریٹجک شراکت داری کا نتیجہ ہے جو خودمختاری اور سلامتی کے لیے مشترکہ کام کرنے کی صلاحیت کو تقویت دیتا ہے۔فرانسیسی حکام نے کہا کہ جیٹ طیاروں اور ہیلی کاپٹروں کا معاہدہ تقریباً 17 بلین یورو کا ہے۔ فرانسیسی وزیر دفاع فلورنس پارلی نے ایک ٹویٹ میں اس معاہدے کو ‘تاریخی’ قرار دیا اور کہا کہ یہ علاقائی استحکام میں براہ راست کردار ادا کرے گا۔