ممبئی:ہندوستان کے سفید گیند کے نئے کپتان روہت شرما نے کہا ہے کہ ٹیم کو وراٹ کوہلی کی صلاحیت اور قیادت کی ہمیشہ ضرورت رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ کپتان کا میدان میں صرف 20 فیصد کام ہوتا ہے، باقی 80 فیصد کام میدان سے باہر کا ہوتا ہے جب منصوبے بنائے جاتے ہیں۔روہت نے کہا، ’ٹیم کو ہمیشہ وراٹ جیسے بلے باز کی ضرورت ہوتی ہے۔ ٹی- 20 میں ان کی اوسط 50 سے زیادہ ہے، جو حیرت انگیز ہے۔ انہوں نے اپنی بلے بازی، تجربے اور کپتانی سے ٹیم کو کئی بار مشکلات سے نکالا ہے‘۔روہت کے مطابق، ایک کپتان اتنا ہی اچھا ہوتا ہے جتنی اس کی ٹیم۔ انہوں نے کہا ،’کپتان کا کام یہ یقینی بنانا ہے کہ درست کھلاڑی میدان پر اترے اور طے شدہ حکمت عملی پر عمل کرے۔ جب کوئی کھلاڑی یکدم سے خراب مظاہرہ کر رہا ہو تو اس وقت جا کر اس سے بات کرے، نہیں تو وہ ٹیم کے دیگر کھلاڑیوں کی طرح، ٹیم کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا ئے۔ ہاں، جب اس کی اپنی کارکردگی کی بات ہو تو وہ آگے آکر مظاہرہ کرے‘۔