ڈربی /// وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان نے کہا کہ چند موجودہ اور سابق کرکٹرز کی کچھ ٹپس نے انہیں وائٹ بال کرکٹ میں بطور ہٹر آگے بڑھنے میں مدد دی ۔ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے یوٹیوب چینل پر ساتھی کھلاڑی فخر زمان کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے 29 سالہ محمد رضوان نے کہا کہ انہوں نے رمیز راجہ ، محمد حفیظ ، شاہد آفریدی اور مشتاق احمد کی کچھ ٹپس پر عمل کرتے ہوئے اپنی پاور ہٹنگ کو بہتر بنایا ہے۔رضوان کا کہنا تھا کہ بہت سارے لوگوں نے مجھ سے پوچھا کہ میں بطور ہٹر کیسے بہتر ہوا؟، دیکھو ، اس کے پیچھے بہت محنت شامل تھی اور اس میں کچھ وقت لگا۔ مجھے یاد ہے کہ اس کے بارے میں حفیظ بھائی ، شاہد بھائی ، رمیز بھائی اور مشتاق بھائی کے ساتھ بات کرتے تھے، انہوں نے میرے ساتھ کچھ ٹپس شیئر کیں اور میں نے ان میں سے کچھ پر نیٹ میں کام کیا جس کے نتائج سب کے سامنے ہیں، یہ واحد راستہ ہے جس سے آپ اپنی گیم میں بہتری لاسکتے ہیں۔رضوان نے اس بیٹنگ نمبر پر زور دیا جس نے ان کے خیال میں قومی ٹیم کے بہترین کھلاڑی کی حیثیت سے ان کی ترقی میں کلیدی کردار ادا کیا ۔ ان کا کہنا تھا کہ پہلے میں 6 یا 7 نمبر پر کھیلتا تھا جہاں آپ کو کھلے ہاتھ سے کھیلنے کے لئے زیادہ وقت نہیں ملتا ہے، اب جب مجھے ٹاپ آرڈر میں ترقی دی گئی تو مجھے کریز پر سیٹ ہونے کا زیادہ موقع ملا جس کے باعث میں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے میں کامیاب رہا۔ فخر کے ایک سوال کے جواب میں رضوان نے کہا کہ تینوں فارمیٹس کو کھیلنے کے لئے اعلی فٹنس کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک ساتھ تینوں فارمیٹ کھیلنا مشکل ہے، اس کے لیے اعلی فٹنس درکار ہوتی ہے، یہ نوجوانوں کے لئے بھی پیغام ہے ، اگر آپ تینوں فارمیٹس کھیلنا چاہتے ہیں تو آپ کو سپر فٹ ہونا ضروری ہے۔