لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے جمعرات کے روز اسٹار وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان کو 2021 میں شاندار کارکردگی کے لیے سال کا سب سے قیمتی کرکٹر قرار دیا۔رضوان نے اس اعزاز کے لیے بابر اعظم، حسن علی اور شاہین شاہ آفریدی جیسے اسٹار کرکٹرز کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ اس سے قبل انہیں ایک آزاد پینل نے متفقہ طور پر ٹی ٹوئنٹی کرکٹر آف دی ایئر کے لیے منتخب کیا تھا۔ واضح رہے کہ 2021 میں رضوان نے ٹیسٹ میں 455، ون ڈے میں 134 اور ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں 1326 رنز بنائے تھے۔ اس کے علاوہ تمام فارمیٹس میں وہ 56 مرتبہ وکٹ کے پیچھے بلے بازوں کا شکار کیا ہے۔پی سی بی نے اپنے یوٹیوب چینپ پر ورچوئل تقریب میں ان ایوارڈز کا اعلان کیا جس کی میزبانی روہا ندیم اور سکندر بخت نے کی۔اس ایوارڈ کے لیے کھلاڑیوں کی نامزدگی اور جیتنے والے کا انتخاب ایک آزاد پینل نے کیا جس میں سابق کپتان راشد لطیف، مرینہ اقبال، طارق سعید، طارق سعید، مظہر ارشد، محمد یعقوب، موہی شاہ، رضوان علی، شاہد ہاشمی اور سہیل عمران شامل ہیإرضوان نے 29 ٹی20 انٹرنیشنل میچوں میں 1ہزار 326 رنز اسکور کیے جو ایک عالمی ریکارڈ ہے اور اسی وجہ سے انہیں ٹی20 کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ بھی دیا گیا۔محمد رضوان نے کہا کہ قیمتی کرکٹر اور ٹی20 کرکٹر کا ایوارڈ جیتنے پر فخر ہے۔ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹر آف دی ایئر کا ایوارڈ قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم کے نام رہا جنہوں نے 6 ون ڈے انٹرنیشنل میچوں میں 405 رنز بنائے۔انہوں نے اس حوالے سے اپنے بیان میں کہا کہ ایوارڈ جیتنے پر خوشی ہے اور ہمیشہ فینز کی توقعات پر پورا اترنے کی کوشش کرتا ہوں۔