سڈنی، 08 جنوری (یو این آئی) عثمان خواجہ نے انگلینڈ کے خلاف ایشز کے چوتھے ٹیسٹ میں دونوں اننگ میں سنچریاں بنانے کا بے مثال کارنامہ انجام دیا ہے۔ 2015 کے بعد خواجہ کی یہ 10ویں ٹیسٹ سنچری ہے جبکہ اس دوران وہ آسٹریلیا کی جانب سے کھیلے گئے تقریباً نصف ٹیسٹ میچوں سے باہر رہے ہیں۔خواجہ ایشز ٹیسٹ میچ کی دونوں اننگ میں سنچری بنانے والے صرف نویں بلے باز ہیں۔ اس سے قبل اسٹیو اسمتھ نے 2019 کے برمنگھم ایشز ٹیسٹ میں دونوں اننگز میں سنچری بنائی تھی۔خواجہ کی یہ 2015کے بعد 10ویں ٹیسٹ سنچری ہے۔ آسٹریلیا کے 66 میں سے 30 میچوں کا حصہ نہ ہونے کے باوجود وہ گزشتہ چھ سالوں میں 10 سنچریاں بنانے والے دنیا کے ٹاپ بلے بازوں میں سے ایک بن گئے ہیں۔سڈنی میں دونوں اننگ میں سنچری بنانے سے قبل خواجہ کو آسٹریلیا کے لیے مسلسل 14 ٹیسٹ کھیلنے کا موقع نہیں ملاتھا۔ سڈنی کرکٹ گراؤنڈ میں اس سے قبل صرف دو بلے بازوں نے دونوں اننگ میں سنچریاں اسکور کی تھیں۔ ڈگ والٹرس نے 1969 میں ویسٹ انڈیز کے خلاف اور رکی پونٹنگ نے 2006 میں جنوبی افریقہ کے خلاف ایسا کیا تھا۔ اتفاق سے یہ رکی پونٹنگ کا 100 واں ٹیسٹ میچ بھی تھا۔