ممبئی: قومی خواتین کمیشن (این سی ڈبلیو) نے پیر کو بالی ووڈ اداکار سدھارتھ کو اسٹار ہندوستانی بیڈمنٹن کھلاڑی سائنا نہوال پر توہین آمیز تبصرہ کرنے پرپھٹکار لگائی۔این سی ڈبلیو نے ایک بیان میں کہاکہ سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر کیے گئے ریمارکس خواتین مخالف اور تضحیک آمیز ہیں۔ یہ خواتین کی عزت کی توہین ہے۔ این سی ڈبلیو کی صدر ریکھا شرما نے مہاراشٹر پولیس کو خط لکھ کرکہا ہے کہ وہ معاملے کی تحقیقات کرے اور اداکار سدھارتھ کے خلاف مناسب دفعات کے تحت ایف آئی آر درج کرے۔ ساتھ ہی انہوں نے ٹوئٹر انڈیا کو بھی ایک خط بھی لکھا ہے جس میں سدھارتھ کے اکاؤنٹ کو فوری طور پر بلاک کرنے اور سائنا پر قابل اعتراض تبصرہ پوسٹ کرنے پر ان کے خلاف مناسب کارروائی کرنے کو کہا ہے۔قابل ذکر ہے کہ سائنا نے پہلے ٹوئٹ کیا تھا، جس میں انہوں نے لکھا تھاکہ کوئی بھی قوم خود کو محفوظ ہونے کا دعویٰ نہیں کر سکتی، اگر اس کے اپنے وزیر اعظم کی سلامتی سے سمجھوتہ کیا جاتا ہے۔ میں پی ایم مودی پر انتشار پسندوں کے بزدلانہ حملے کی شدید مذمت کرتی ہوں۔سدھارتھ نے سائنا کے اس پوسٹ کو ری ٹویٹ کرتے ہوئے لکھا ’’دنیا کا مائیکرو روسٹر چیمپئن۔ خدا کا شکر ہے کہ ہمارے پاس ہندوستان کے محافظ ہیں۔‘‘ سوشل میڈیا پر تنقید کا سامنا کرنے کے بعد سدھارتھ نے ٹویٹ کیا کہ ’’کاک اور بُل یہی پس منظر ہے، ورنہ پڑھنا نامناسب اور لاحاصل ہے ۔ کسی کی دل آزاری کا کوئی ارادہ نہیں تھا۔‘‘قابل ذکر ہے کہ سدھارتھ کے ٹوئٹ پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے سائنا کے شوہر اور ہندوستانی بیڈمنٹن کھلاڑی پروپلی کشیپ نے کہا تھا، ’’یہ ہمارے لیے پریشان کن ہے۔ اپنی رائے کا اظہار کریں، لیکن بہتر الفاظ کا انتخاب کریں۔ میرے خیال میں آپ نے اس طرح کہنا اچھا سمجھا۔یو این آئی۔