ریاض : امریکی اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ نے اپنی سالانہ ٹریفکنگ ان پرسنس (ٹی آئی پی) رپورٹ میں سعودی عرب کے موقف کو بہتر قرار دیتے ہوئے اس کے رینک کو آگے بڑھایا ہے۔ یہ رپورٹ گزشتہ روز جاری کی گئی جس سے انسانی اسمگلنگ کے انسداد کیلئے سعودی سلطنت کی کوششوں کا اعتراف ہوتا ہے۔ یہ لگاتار دوسرا سال ہے کہ سعودی سلطنت نے امریکہ کی سالانہ رپورٹ میں اپنی رینکنگ کو بہتر بنایا ہے۔ انسانی اسمگلنگ کے انسداد کے معاملہ میں مملکت کے مختلف اداروں نے بہتر تال میل کے ساتھ کام کیا ہے ۔ خاص طور پر ہیومن رائٹس کمیشن کا رول نمایاں رہا ہے۔ ڈاکٹر عواد العواد کی سربراہی میں کمیشن نے کئی تعمیری اقدامات کئے ہیں جس سے انسانی اسمگلنگ جرائم کے انسداد میں مملکت کا گریڈ بہتر ہونا ظاہر کرتا ہیکہ سعودی عرب میں انسان کو اولین ترجیح دی جاتی ہے۔ علاوہ ازیں انسانی حقوق محفوظ ہیں اور ان کا تحفظ لازم مانا جاتا ہے۔ ڈاکٹر عواد نے کہا کہ امریکہ کی جانب سے ایک اہم معاملہ میں سعودی عرب کی کوششوں کو تسلیم کرنا خوشی کی بات ہے۔ ویژن 2030 ء کے تحت سعودی عرب محض چند افراد کیلئے نہیں بلکہ سب کیلئے زندگی کے معیار کو بہتر بنانے کا پابند عہد ہے۔ آج کی نمایاں کامیابی اس ویژن کو شرمندہ تعبیر کرنے میں مملکت کے عہد کا ثبوت ہے۔ ہیومن رائٹس کمیشن کے شرکاء اداروں نے بھی امریکی رپورٹ میں سعودی عرب کے گریڈ میں بہتری پر مملکت کو مبارکباد پیش کی۔ انٹرنیشنل آرگنائزیشن فار مائگریشن کے چیف آف مشن برائے بحرین محمد ال زرکانی نے کہا کہ سعودی عرب کی مساعی قابل ستائش ہے۔