نئی دہلی، 21 جنوری:کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی اور پارٹی کی ریاستی انچارج جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا نے اتر پردیش اسمبلی انتخابات کے لیے ‘’بھرتی ودھان یووامنشور‘ جاری کرتے ہوئے جمعہ کو کہا کہ اس میں ریاست کے نوجوانوں کو ترقی کے لیے جو بھی وعدے کئے گئے ہیںانہیں حرف بہ حرف پورا کرنے کی ہر ممکن کوشش کی جائے گی آج یہاں پارٹی ہیڈکوارٹر میں منعقدہ ایک پریس کانفرنس میں مسٹر گاندھی اور مسز واڈرا نے کہا کہ نوجوانوں اور خواتین کو نئی سمت اور نئے راستے پر لے جانے کے لیے اتر پردیش میں ہنر کو فروغ دیا جائے گا، اسکل سینٹرز کے کلسٹر قائم کیے جائیں گے اورنوجوانوں کو روزگار دے کران کی خواہشات کی تکمیل کی جائے گی۔کانگریس لیڈروں نے کہا کہ روزگار نوجوانوں کا سب سے بڑا بحران ہے اور اتر پردیش کے نوجوانوں کو بھی اسی بحران کا سامنا ہے، اس لیے پارٹی نے ’بھرتی ودھان‘ کے نام سے اپنا منشور جاری کیا ہے، جس میں نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنے کے لیے قانون سازی کی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ منشور کافی تحقیق کے بعد تیار کیا گیا ہے۔ یہ محض کھوکھلا وعدہ نہیں ہے، بلکہ اس کے لیے ایک تعمیری پہل کی جائے گی، جس کے تحت ریاست کے 20 لاکھ نوجوانوں کو روزگار دیا جائے گا۔ (یو این آئی)