لکھنؤ:03فروری: سماج وادی پارٹی(ایس پی) سمیت دیگر اپوزیشن پارٹیوں پر اترپردیش کو بدحال کرنے کا الزام لگاتے ہوئے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے کہا کہ گذشتہ پانچ سالوں میں ان کی حکومت نے نہ صرف بدعنوانی اور مافیاؤں پرکنٹرول حاصل کیا ہے بلکہ سنجیدہ کوششوں کی بدولت ریاست کی شبیہ میں بہتری لاکر اسے ملک کی دوسری سب سے بڑی معیشت بنانے کا کام کیا ہے یوگی نے جمعرات کو یہاں ریاستی ہیڈکوارٹر پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گذشتہ 70سالوں میں اترپردیش میں جو نہیں ہوپایا اسے بی جے پی حکومت نے پانچ سال میں کر کے دکھایا ہے۔ سال 2017 سے پہلے اترپردیش کی معیشت پانچویں۔چھٹے مقام پر تھی جبکہ آج یو پی ملک کی دوسری سب سے بڑی معیشت ہے۔آج ریاست میں فی کس سالانہ آمدنی 94ہزار روپئے تک پہنچ چکی ہے۔ پانچ سال پہلے اترپردیش کا بجٹ دو لاکھ کروڑ روپئے تھا جو آج چھ لاکھ کروڑ روپئے ہے۔ ایز آف ڈوئنگ بزنس میں بھی ریاست نے لمبی چھلانگ لگائی ہے اور ملک میں 14ویں مقام سے نکل کر آج دوسرا مقام حاصل کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ بی جے پی حکومت کی پانچ سالوں کی کامیاب یاترا مطمئن ہونے والی نہیں ہونی چاہے۔ ہمیں ریاست کی معیشت کو نمبر ایک بنانا ہے۔حکومت نے اس کے لئے ایک روڈ میپ تیار کیا ہے اس کے لئے نظم ونسق کو درست کرنا ہوگا۔ بی جے پی حکومت نے جو مافیا اور پیشہ ور مجرمین خطرہ تھے ان پر نکیل کسی ہے۔ بی ایس پی حکومت میں 364فسادات ہوئے جبکہ ایس پی حکومت میں بڑے بڑے 700 سے زیادہ فساد ہوئے جبکہ سال 2017سے اب تک ایک بھی تشدد کا واقعہ پیش نہیں آیا ہے۔(یواین آئی)