انقرہ:تُرک صدر رجب طیب اردوآن نے مغربی ممالک پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ یوکرائن اور روس کے تنازع کو زیادہ شدید بنانے کے مرتکب ہوئے ہیں۔ انہوں نے اس تناظر میں امریکی صدر جو بائیڈن کے موقف کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ اردوان نے الزام عائد کیا ہے کہ یورپی یونین نے روس اور یوکرائن کا تنازع زیادہ سنگین بنا دیا ہے۔ بدقسمتی سے مغرب ابھی تک اس بحران کے خاتمے کی خاطر کوئی کردار ادا نہیں کر سکا ۔ یوکرائن کے دورے سے واپسی پر انہوں نے بتایا کہ انہوں نے کیف میں یوکرائنی صدر اور دیگر اہم رہنماؤں سے ملاقاتیں کیں،جن میں مشرقی یوکرائن کا بحران توجہ کا مرکز رہا۔ ترک صدر نے اپنے یوکرائنی ہم منصب وولودمیر زیلسنکی سے ملاقات میں اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ اس بحران کے خاتمے کے لیے ترکی میں ایک اجلاس منعقد کرانے کی بھرپور کوشش کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے ان کی اس تجویز پر مثبت ردعمل دیا ہے۔ یوکرائن کے دورے سے واپسی پر انہوں نے یوکرائن اور روس کے مابین جاری بحران پر بین الاقوامی میڈیا کی کوریج کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ اس کی رپورٹنگ کے دوران امریکی خفیہ اداروں کے ایسے تجزیوں کو زیادہ فروغ دیا جا رہا ہے کہ روس یوکرائن پر چڑھائی کرنے والا ہے۔