نئی دہلی، 09 فروری:سپریم کورٹ نے مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی کے انتخابی ایجنٹ ایس۔ کی سوپیان کو بدھ کو قتل کے ایک مقدمے میں پیشگی ضمانت دے دی۔جسٹس ایل ناگیشور راؤ اور جسٹس ابھے ایس۔ اوکا کی بنچ نے مسٹر سوپیان کی درخواست کو شرائط کے ساتھ منظور کیا۔ٹی ایم سی لیڈر سوپیان پر گزشتہ اسمبلی انتخابات کے نتائج آنے کے بعد نندی گرام میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے کارکن دیوورت میتی کے قتل کا الزام ہے۔ مرکزی تفتیشی بیورو (سی بی آئی) معاملے کی جانچ کر رہا ہے۔کلکتہ ہائی کورٹ کی جانب سے درخواست کی سماعت سے انکار کے بعد ملزم لیڈر نے سپریم کورٹ سے رجوع کیا تھا۔ سپریم کورٹ نے 4 فروری کو درخواست گزار کے دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کر لیا تھا۔ٹی ایم سی لیڈر سوپیان کی طرف سے پیش ہونے والے سینئر وکیل کپل سبل نے سماعت کے دوران کہا تھا کہ ان کے مؤکل کا نام نہ تو ایف آئی آر اور حکام کی طرف سے گزشتہ سال مئی میں درج کی گئی شکایت میںہے اور نہ ہی سی بی آئی کی طرف سے داخل کی گئی چارج شیٹ میں درج ہے۔سماعت کے بعد بنچ نے فیصلہ محفوظ رکھنے کے ساتھ درخواست گزار کو گرفتاری سے عبوری تحفظ فراہم کر دیا تھا۔سی بی آئی نے مسٹر سوپیان کی عرضی کی مخالفت کرتے ہوئے اپنے حلف نامے میں عدالت کو بتایا کہ درخواست گزار نے نندی گرام اسمبلی حلقہ میں بی جے پی کو ووٹ دینے والے ہندوؤں کو سبق سکھانے کے لیے مبینہ طور پر مجرمانہ سازش رچی تھی۔ ایجنسی نے دعویٰ کیا ہے کہ مسٹر سوپیان نے مبینہ طور پر مقامی دیہاتیوں پر حملے کیے اور اس دوران دیوورت میتی مارا گیا۔محترمہ بنرجی نندی گرام اسمبلی الیکشن میں اپنے سابق حلیف اور بی جے پی امیدوار شوبیندو ادھیکاری سے ہار گئی تھیں۔کلکتہ ہائی کورٹ نے اسمبلی انتخابات کے نتائج کے اعلان کے بعد ریاست میں قتل اور جنسی ہراسانی کے مختلف واقعات کی سی بی آئی جانچ کا حکم دیا تھا۔ (یو این آئی)