وزیر خارجہ سبرامنیم جے شنکر 10 سے 13 فروری تک آسٹریلیا کے دورے پر ہوں گے۔ بطور وزیر خارجہ یہ ان کا پہلا سرکاری دورہ ہوگا۔ جے شنکر آسٹریلیا کے وزیر خارجہ مارس پینے کی دعوت پر کینبرا پہنچیں گے۔جے شنکر 11 فروری کو میلبورن میں آسٹریلیا، جاپان اور امریکہ کے وزرائے خارجہ کے ساتھ چوتھی کواڈ میٹنگ میں شرکت کریں گے۔ اس ملاقات میں کورونا وبا، اہم ٹیکنالوجی، موسمیاتی تبدیلی سمیت علاقائی مسائل پر تبادلہ خیال کیا جانا ہے۔کواڈ گروپ میٹنگ میں شرکت کے بعد، جے شنکر 12 فروری کو آسٹریلیا کے وزیر خارجہ کے ساتھ دو طرفہ بات چیت کریں گے۔ اس گفتگو میں دونوں ممالک کے درمیان سٹریٹجک پارٹنرشپ اور علاقائی امور پر بات چیت کی جائے گی۔ اس ملاقات میں چین کی توسیع پسندانہ پالیسی، بحر ہند اور بحیرہ جنوبی چین پر بھی بات کی جا سکتی ہے۔سبرامنیم جے شنکر 13 فروری کو فلپائن پہنچیں گے۔ وزیر خارجہ کی حیثیت سے یہ ان کا فلپائن کا پہلا سرکاری دورہ ہوگا۔ اس دورے میں وہ فلپائن کے خارجہ امور کے سیکرٹری ٹیوڈورو ایل لوکسن جونیئر سے بات چیت کریں گے۔ اس ملاقات میں فریقین دوطرفہ تعلقات میں پیش رفت کا جائزہ لیں گے۔ اس کے ساتھ علاقائی اور بین الاقوامی امور پر بھی بات چیت کی جائے گی۔فلپائن کی جانب سے براہموس میزائل کی خریداری کے بعد پہلی بار ہندوستان کے اعلیٰ رہنما فلپائن پہنچ رہے ہیں۔ ایسے میں اس سفر کو اہم قرار دیا جا رہا ہے۔