سرینگر//وزیراعظم نے تعلیم اور ہنرمندی کے شعبے کے بارے میں کہا کہ ملک کے نوجوان، ملک کی تعمیر میں اہم رول ادا کرنے کے ساتھ ساتھ مستقبل کے لیڈر بھی ہیں، انہوںنے کہاکہ آج ملک کے ہر شہر چاہے وہ جموںکشمیراور لداخ ہو ، پنجاب ہو، اُترپردیش ہو یا اور کوئی شہر ہو ملک کی ترقی میں اپنا رول نبھارہا ہے ۔ کرنٹ نیوز آف انڈیا کے مطابق وزیراعظم نے کہا ہے کہ نوجوان ملک کا مستقبل ہونے کے ساتھ ساتھ ملک کو بنانے والے بھی ہیں۔ وزیر اعظم نے بتایا کہ ملک کی تعمیر میں ہر شہر کا نوجوان کردار اداکررہا ہے چاہے جموں کشمیر کے نوجوان ہوں، لداخ ، میزورم،اُترپردیش ، پنجاب ، بہار، کرناٹک ، کیرلہ یادیگر کسی شہرسے بھی تعلق رکھنے والا نوجوان ملک کی ترقی میں اہم ہے ۔ نریندر مودی نے آج اعلیٰ تعلیم کے شعبے میں بجٹ میں کئے گئے اعلانات کے بارے میں ایک ویبینار سے خطاب کرتے ہوئے یہ بات کہی۔ وزیراعظم نے کہا کہ نوجوانوں کو بااختیار بنانے کا مطلب بھارت کے مستقبل کو بااختیار بنانا ہے اور اسی لئے مرکزی بجٹ میں تعلیم کے شعبے پر خاص توجہ مرکوز کی گئی ہے۔ وزیر اعظم مودی نے کہا کہ تعلیم کے سیکٹر سے متعلق پانچ شعبوں پر کافی زور دیا گیا ہے اور سبھی کو معیاری تعلیم مہیا کرانا ان میں سے پہلا شعبہ ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ ملک میں ڈیجیٹل ہنرمندی سے متعلق نظام قائم کیا جانا چاہئے اور صنعتوں کی مانگ کی مناسبت سے ہنرمندی کو فروغ دینے کا کام ہونا چاہئے۔ نریندر مودی نے کہا کہ صنعتوں کے ساتھ رابطوں کو بہتر بنانے پر بجٹ میں خاص زور دیا گیا ہے۔ ان میں سے تیسرا اہم پہلو شہری پلاننگ اور ڈیزائن ہے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم میں قدیم تجربے اور اس شعبے میں بھارت کے علم اور جانکاری کو مربوط کرنا ضروری ہے۔ چوتھا اہم پہلو عالمگیریت ہے۔ جناب مودی نے کہا کہ عالمی درجے کی غیر ملکی یونیورسٹیوں کو بھارت میں آنا چاہئے۔ وزیراعظم نے کہا کہ قومی ڈیجیٹل یونیورسٹی ملک کے تعلیمی نظام میں ایک منفرد اور اپنی نوعیت کا ایک خاص قدم ہے۔وزیر اعظم مودی نے کہاکہ ڈیجیٹل یونیورسٹی ملک میں سیٹوں کے مسئلے کو پوری طرح ختم کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔