آگرہ:03مارچ(یواین آئی) اترپردیش کے ضلع آگرہ کے یمنا پار علاقے میں واقع ایک پرائیویٹ اسپتال میں ڈاکٹروں کی لاپرواہی کا معاملہ روشنی میں آیا ہے جہاں مریض کے بائیاں پیر فریکشر تھا اور انہوں نے اس کے دائیں پیر کا آپریشن کردیا۔
آپریشن کے بعد بھی درد بند نہ ہونے اور دوسری جگہ سٹی اسکین پر اصلیت سامنے آئی۔ اس پر مریض کے اہل خانہ نے جمنا پار کے نرسنگ ہوم پہنچ کر ہنگامہ کھڑا کردیا۔ اطلاع ملنے پر پولیس اور ڈسٹرکٹ میڈیکل افسران کی ٹیم اسپتال پہنچ گئی اور پورے معاملے کی جانچ شروع کردیا۔
ضلع کے تھانہ کھندولی علاقے میں واقع گاؤں شیرخان باشندہ یوگیندر سنگھ(28) گذشتہ دنوں ٹرک کی ٹکر سے زخمی ہوگئے تھے۔ ان کے بائیں پیر میں فریکچر تھا۔وہ کئی دنوں تک علاج کراتے رہے آخر میں ڈاکٹروں نے آپریشن کی تجویز پیش کی تو وہ سڑانا اسپتال، رام باغ تھانہ اعتماد الدولہ میں داخل علاج ہوگیا۔
یوگیندر کا الزام ہے کہ اسپتال میں اس کے بائیں پیر کے بجائے دائیں پیر کا آپریشن کردیا گیا۔ اس وقت وہ بیہوش تھا اس لئے پتہ نہیں چلا۔ جب ہوش آیا تو دیکھا کہ ڈکٹروں نے غلط پیر کا آپریشن کردیا ہے۔معاملے کی اطلاع اس نے پولیس کو دی۔معاملہ ڈسٹرکٹ میڈیکل ٹیم کے علم میں ہے۔ آگے کی کاروائی کی جارہی ہے۔