نئی دہلی//ہندوستان اورجاپان نے صاف توانائی کے مختلف اقدامات پر باہمی تعاون کے لئے ہندوستان-جاپان کلین انرجی پارٹنرشپ کا ہفتے کے روز عہد کیا اس کے تحت دونوں ممالک الیکٹرک گاڑیاں اور بیٹریاں، شمسی اور ہوا کی توانائی، صاف کوئلہ ٹیکنالوجی، بائیو فیول، کوئلہ کانوں کی گیس اور دیگر نئے ابھرتے ہوئے ایندھن اور پیٹرولیم ایندھن کے اسٹریٹجک ذخائر جیسے مختلف شعبوں میں تعاون کا اعلان کیا وزیر اعظم نریندر مودی نے اسے صحت مند اقتصادی ترقی کے ہدف اور موسمیاتی تبدیلی کے مسئلے سے نمٹنے کے لیے ایک اہم قدم قرار دیا ہے۔ہندوستان کے دورے پر آئے وزیر اعظم فومیو کشیدا کے ساتھ دارالحکومت حیدرآباد ہاؤس میں دو طرفہ میٹنگ میں دونوں ممالک کے درمیان پہلے سے مضبوط تعاون کے تعلقات کو مزید وسعت دینے کے لیے کئی نئے اقدامات کا فیصلہ کیا گیا۔وزیراعظم کے دفتر نے ’جاپان کے ساتھ دوستی میں پیش رفت‘ کے عنوان سے ایک ٹویٹ میں کہا’’ وزیر اعظم نریندر مودی اور مسٹر کشیدا نے نئی دہلی میں نتیجہ خیز بات چیت کی ۔ دونوں رہنماؤں نے دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی اور ثقافتی روابط کو مزید مضبوط بنانے کے طریقوں پرتبادلہ خیال کیا ‘‘۔