نئی دہلی: وزیراعظم نریندر مودی نے کہاکہ گزشتہ کچھ برسوں میں ہندستان اور آسٹریلیا کے تعلقات میں قابل ذکر پیش رفت ہوئی ہے اور تجارت، دفاع، سرمایہ کاری، سلامتی، تعلیم، اختراع، سائنس اینڈ ٹکنالوجی کے شعبہ میں ہمارا تعاون مضبوط ہوا ہے مسٹر مودی نے پیر کو دوسرے ہندستان آسٹریلیا ورچول سربراہی اجلاس میں اپنے ابتدائی تبصرہ میں کہا کہ گزشتہ کچھ برسوں میں ہمارے تعلقات میں قابل ذکر پیش رفت ہوئی ہے تجارت، سرمایہ کاری، دفاع، سیکورٹی، تعلیم، اختراع، سائنس اینڈ ٹکنالوجی ان تمام شعبوں میں ہمارا بہت قریبی تعاون ہے۔ کئی دیگر شعبے جیسے اہم معدنیات، واٹر منیجمنٹ، قابل تجدید توانائی اور کووڈ 19تحقیق جیسے دیگر شعبوں میں بھی ہمارا تعاون بڑھ گیا ہے۔انہوں نے کہاکہ بنگلورو میں ابھرتی تکنالوجی کے لئے ایکسیلنس مرکز کے قیام کے اعلان کا میں دل سے خیرمقدم کرتا ہوں۔ سائبر اور اہم ابھرتی ہوئی تکنالوجی میں ہمارے مابین بہتر تعاون ضروری ہے۔ ہم جیسے یکساں اقدار والے ممالک کی یہ ذمہ داری ہے کہ ان ابھرتی ٹکنالوجیز میں مناسب عالمی معیارات کو اپنائیں۔انہوں نے کہاکہ جامع اقتصادی تعاون کے معاہدے ’ایس آئی سی اے‘ میں بھی بہت کم وقت میں قابل ذکر پیش رفت ہوئی ہے اور یقین ہے کہ باقی ماندہ امور پر بھی جلد اتفاق رائے ہوجائے گا۔ ایس آئی سی اے کا جلد از جلد حل اقتصادی تعلقات، اقتصادی مضبوطی اور اقتصادی سلامتی کے لئے بہت اہم ہوگا۔ (یو این آئی)