نئی دہلی؍کولکتہ: مغربی بنگال میں حالیہ تشدد پر دکھ اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی نے ریاستی حکومت سے بیر بھوم تشدد میں ملوث افراد کو سزا دینے کی اپیل کی ہے مسٹر مودی نے کہا کہ مرکزی حکومت ایسے مجرموں کو قانون کے حوالے کرنے میں ریاستی حکومت کی ہر ممکن مدد کرنے کے لیے تیار ہے انہوں نے کہا کہ ایسے مجرموں کی حوصلہ افزائی کرنے والوں کو بھی معاف نہیں کیا جانا چاہیے۔وزیر اعظم یوم شہداء کے موقع پر ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے کولکتہ کے وکٹوریہ میموریل ہال میں بپلوبی بھارت گیلری کا افتتاح کر رہے تھے۔مسٹر مودی نے کہاکہ میں مغربی بنگال کے بیر بھوم میں ہونے والے پرتشدد واقعہ پر اپنی تعزیت کا اظہار کرتا ہوں۔ مجھے امید ہے کہ ریاستی حکومت بنگال کی عظیم سرزمین پر ایسے گھناؤنے گناہ کرنے والوں کو ضرور سزا دے گی۔انہوں نے کہاکہ مرکزی حکومت کی طرف سے میں ریاست کو یقین دلاتا ہوں کہ مجرموں کو جلد سے جلد سزا دلانے کے لیے جو بھی مدد چاہئے ہوگی، فراہم کی جائے گی۔مسٹر مودی نے ریاست کے لوگوں سے کہا کہ وہ ایسے گھناؤنے جرائم کے مرتکب افراد اور ان کی حوصلہ افزائی کرنے والوں کو کبھی معاف نہ کریں۔انہوں نے کہاکہ میں بنگال کے لوگوں سے بھی درخواست کروں گا کہ وہ ایسے واقعات کو انجام دینے والوں اور ایسے مجرموں کی حوصلہ افزائی کرنے والوں کو کبھی معاف نہ کریں۔