مریکی صدر جو بائیڈن نے کہا ہے کہ افغانستان سے امریکی افواج کا انخلا فوری مکمل کرنے کا کوئی منصوبہ نہیں ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی ‘اے ایف پی کے مطابق واشنگٹن میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے جو بائیڈن نے کہا کہ ہم عین اپنے اس راستے پر ہیں جس کی ہمیں اُمید تھی۔
امریکی صدر کا یہ بیان ان قیاس آرائیوں کے بعد سامنے آیا ہے کہ افغانستان سے امریکی افواج کے آخری دستے آئندہ چند روز میں چلے جائیں گے۔
واضح رہے کہ دو دہائیوں کی جنگ کے بعد جو بائیڈن نے افغانستان سے امریکی افواج کا انخلا 11 ستمبر تک مکمل کرنے کی ڈیڈلائن دی ہے۔
انہوں نے ان خدشات کا بھی جواب دیا کہ بین الاقوامی حمایت ختم ہونے کی صورت میں افغان حکومت، طالبان کے ہاتھوں جلد ٹوٹ جائے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ ‘ہمارے پاس افغان حکومت کو مستحکم کرنے کی صلاحیت موجود ہے۔
انہوں نے کہا کہ امریکی افواج اپنی خاطر خواہ صلاحتیں استعمال کرتے ہوئے حکومت کو برقرار رکھنے میں مددگار ثابت ہوں گی لیکن افغانوں کو خود قابل ہونا پڑے گا’۔