سرینگر: پڑوسی ممالک کے ساتھ اچھے اور صحت مند تعلقات کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے مرکزی وزیر مملکت برائے امور خارجہ وی مرلی دھرن نے جمعرات کو کہا کہ ہندوستان پاکستان کے ساتھ معمول کے پڑوسی تعلقات کا خواہاں ہے اور مسائل کو حل کرنے کیلئے پرعزم ہے۔سی این آئی مانیٹرنگ کے مطابق راجیہ سبھا میں تقریر کرتے ہوئے مرکزی وزیر مملکت برائے امور خارجہ وی مرلی دھرن نے کہا کہ ہندوستان پاکستان کے ساتھ معمول کے پڑوسی تعلقات کا خواہاں ہے لیکن یہ ذمہ داری اسلام آباد پر ہے کہ وہ سازگار ماحول پیدا کرے۔ وزیر مملکت نے راجیہ سبھا میں کہا کہ حکومت کا مستقل موقف رہا ہے کہ ہندوستان معمول کے مطابق پڑوسی چاہتا ہے۔ پاکستان کے ساتھ بہتر تعلقات اور شدت پسندی ، دشمنی اور تشدد سے پاک ماحول میں دو طرفہ اور پرامن طریقے سے مسائل کو حل کرنے کیلئے ہم پرعزم ہیں۔حکومت نے تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ اس نے رپورٹس دیکھی ہیں، ’’اگست 2019 میںپاکستان نے ہندوستان کے ساتھ دو طرفہ تجارت کو معطل کرنے کا اعلان کیا۔ پاکستان نے ستمبر 2019 میں بعض دواسازی کی مصنوعات کی تجارت کی اجازت دے کر ہندوستان کے ساتھ تجارت پر پابندی کو جزوی طور پر نرم کیا۔قابل ذکر بات یہ ہے کہ پاکستان کو بھاری بیرونی قرضوں اور بڑھتی ہوئی مہنگائی کا سامنا ہے۔