واشنگٹن : امریکہ نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ شمالی کوریا ملک میں آمریت کی بنیاد رکھنے والے کم ایل سونگ کی 110ویں سالگرہ کے موقع پر پہلا نیوکلائی تجربہ کرسکتا ہے ۔دی گارڈین کی رپورٹ میں شمالی کوریا کے امور سے وابستہ امریکہ کے خصوصی نمائندے سنگ کم کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ امریکہ کا خیال ہے کہ کم ایل سونگ کی 110ویں سالگرہ کے موقع پر15 اپریل کو شمالی کوریا اپنی بڑھتی ہوئی نیوکلائی طاقت پوری دنیا کو دکھا سکتا ہے۔امریکی افسر نے حال ہی میں شمالی کوریا کی جانب سے کئے گئے طویل فاصلے تک مار کرنے والے میزائل تجربے کے بعد اس کی ایسی ہی کسی بھی طرح کی اشتعال انگیز کاروائی سے بچنے کی اپیل کی ۔ انہوں نے کہا کہ’’ ہمیں تشویش ہے کہ کم ایل سونگ کے یوم پیدائش کے موقع پر وہ دوبارہ کوئی اشتعال انگیز کارروائی کر سکتا ہے ۔ میں اس پر زیادہ قیاس آرائیاں نہیں کرنا چاہتا لیکن مجھے یقین ہے کہ شمالی کوریا ایک اور میزائل تجربہ کر سکتا ہے۔ مجھے امید ہے کہ یہ یوم پیدائش بغیر کسی تناؤ کے گزرے جائے‘‘ ۔ (یو این آئی)