لکھنؤ: اترپردیش میں ایک ہی پارٹی اور ایک ہی وزیر اعلی کی لگاتار دوسری بار اقتدار میں واپسی کرنے کی تاریخ رقم کرنے والے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے اپنے دوسرے میعاد کار کا پیر کو پہلا مہینہ پورا کرلیا۔ گذشتہ چار ہفتوں میں حکومت کے 40اہم فیصلوں نے اگلے پانچ سال کے کام کاج کا روڈ میپ طے کردیا ہے۔قابل ذکر ہے کہ یوگی کابینہ نے 25 مارچ کو حلف لے کر اپنی دوسری میعاد کا آغاز کیا تھا۔ اس سلسلے میں یوگی حکومت نے حلف برداری کے اگلے ہی دن پہلی کابینہ کی میٹنگ میں پہلا بڑا فیصلہ لیتے ہوئے مفت راشن اسکیم کو تین ماہ کے لیے بڑھا دیا اور 15 کروڑ لوگوں کو مفت راشن کی تقسیم کی سہولت بحال کر دیاتھا۔ملحوظ رہے کہ مفت راشن اسکیم کے تحت حکومت ہر خاندان کے فی فرد پر 5 کلو راشن اور اس کے ساتھ دالیں، چینی، خوردنی تیل، نمک جیسی اشیائے دے رہی ہے۔ دریں اثنا، وزیر اعلیٰ یاگی نے تمام وزراء کو طلب کر کے اپنی حکومت کے اگلے سو دنوں کے لیے اور پھر ششماہی اور سالانہ بنیادوں پر اپنی وزارتوں کے مستقبل کے لائحہ عمل کا خاکہ طلب کر کے اپنی حکومت کا اگلے پانچ سالوں کے لیےروڈ میپ تیار کیا۔یوگی حکومت نے تمام تحصیلوں میں فائر سروس کو یقینی بنانے کے لیے ایک بڑا اعلان کیا اور اس بات کو یقینی بنایا کہ آگ لگنے کی صورت میں دیہی علاقوں میں زیادہ سے زیادہ 15 منٹ اور شہری علاقوں میں زیادہ سے زیادہ 7 منٹ تک فائر بریگیڈ پہنچ جائے۔ریاست کی معیشت کو ملک میں سرفہرست بنانے کے لیے، اگلے دو سالوں میں 10 لاکھ کروڑ روپے کی سرمایہ کاری کے ہدف کے ساتھ، ایک بار پھر یوپی میں عالمی سرمایہ کار سمٹ کا اعلان کیا۔ اس کے متوازی یوگی حکومت نے بدعنوانی کے خلاف زیرو ٹالرینس کا پیغام دیتے ہوئے ملزم اہلکاروں کے خلاف سخت کارروائی شروع کردی۔دریں اثنا روزگار فراہمی کی سمت میں، یوگی حکومت نے خالی آسامیوں پر بھرتی شروع کی اور پولیس فورس کے لیے 86 گزیٹیڈ اور 5295 نان گزیٹیڈ آسامیوں پر بھرتی کا عمل شروع کرنے کا آغاز کیا۔مجرمین بالخصوص لینڈ مافیا کے خلاف یوگی کا بلڈوزر بھی پچھلے ایک مہینے میں کافی سرخیوں میں رہا ۔ چیف منسٹر آفس کے ذرائع سے موصول ہونے والی معلومات کے مطابق گزشتہ 20 دنوں میں 100 سے زائد جرائم پیشہ افراد اور مافیا پر چلے بلڈوزر نے 200 کروڑ روپے سے زائد کی غیر قانونی جائیدادوں کو مسمار یا ضبط کیا ہے۔ ان میں سے 25 مافیا کی شناخت ڈی جی پی آفس اور 8 کی حکومت نے کی۔اس دوران وزیر اعلی یوگی نے وزیر اعلی کی رہائش گاہ پر جنتا درشن کا دوبارہ آغاز کیا۔ ہر روز حکومت کے ایک وزیر کی موجودگی میں عوام کے مسائل حل کرنے کی ہدایات دئیے۔ اس کے ساتھ ہی منڈل وار چیف منسٹر نے ترقیاتی کاموں کا جائزہ اجلاس بھی شروع کیا ہے۔اس دوران خواتین کو بااختیار بنانے کا پیغام دیتے ہوئے یوگی حکومت نے اب یوپی میں ہوم گارڈز کے 20 فیصد عہدوں پر خواتین کو بھرتی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس فیصلے پر اگلے 100 دنوں میں عمل درآمد شروع ہو جائے گا۔ مذہبی مقامات پر لاؤڈ سپیکر کے استعمال کے حوالے سے آلودگی کے معیارات کی تعمیل کو یقینی بنانے کے لیے بھی کہا گیا ہے۔