لکھنؤ: اترپردیش کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے کہا ہے ملک میں ترقی کی راہ پر تیزی سے دوڑتے 100آکانچھی اضلاع کی طرز پر یوپی میں سوبلاکوں میں ترقیاتی کاموں کو تیزی سے پورا کیا جارہا ہے۔یوگی نے بدھ کو آکانچھی اضلاع کی ایک جائزہ میٹنگ میں کہا کہ نیتی آیوگ کے ذریعہ شناخت کردہ 08 آکانچھی اضلاع (بلرام پور، سدھارتھ نگر، سون بھدر، چندولی، فتح پور، چترکوٹ، بہرائچ اور شراوستی) میں ترقی کے تمام پیرامیٹرز پر قابل ستائش کام کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان اضلاع نے نیتی آیوگ کے ذریعہ جاری کی گئی مسلسل ‘ریئل ٹائم مانیٹرنگ ڈیش بورڈ (چیمپئن آف چینج) کی درجہ بندی میں اچھی پوزیشن حاصل کی ہے۔ اسے تسلی بخش صورتحال بتاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک کے 112 خواہش مند اضلاع میں سے بہترین کارکردگی دکھانے والے اضلاع کی تازہ ترین فہرست میں ریاست کے 05 اضلاع ٹاپ 10 میں شامل ہیں۔ ان میں بلرام پور ضلع پہلے نمبر پر ہے۔یوگی نے کہا کہ آکانچھی اضلاع کے خطوط پر ریاست میں 100 آکانچھی ترقیاتی بلاکوں کا انتخاب کرکے ان کی سماجی و اقتصادی بہتری کے لیے خصوصی کوششیں کی جارہی ہیں۔ انہوں نے ہدایت دی کہ صحت اور غذائیت، تعلیم، زراعت اور آبی وسائل، مالیاتی شمولیت، فروغ ہنرمندی اور انفراسٹرکچر کے مختلف پیرامیٹرز پر ان آکانچھی ترقیاتی بلاکس کی ہمہ گیر ترقی کے لیے کوششیں کی جائیں۔ ترقی کے اشارے میں، بی سی سخی، گرام سچیوالیہ، امرت سروور جیسے نتیجہ بخش کوششوں کو بھی شامل کیا جانا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ آئی آئی ٹی کانپور اور آئی آئی ایم لکھنؤ کے طلباء کا تعاون آکانچھی ترقیاتی بلاکس کی مسلسل نگرانی اور حقیقی صورتحال کا درست اندازہ لگانے کے لیے کیا جانا چاہیے۔ ریاستی حکومت کے ٹیکنیکل یونیورسٹیوں اور اداروں کے طلبہ کو بھی اس سے جوڑنا چاہیے۔وزیر اعلی نے آکانچھی بلاکوں میں تعینات ہونے والے بلاک ڈیولپمنٹ آفیسر کو دیگر کسی اور بلاک کا اضافی چارج نہ دینے کی ہدایت دیتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ان علاقوں میں نسبتاً نوجوان، توانا اور بصیرت والے افسران کو تعینات کیا جانا چاہیے۔ نیز، متعلقہ ایس ڈی ایم کو اس ترقیاتی بلاک کے نوڈل افسر کے طور پر نامزد کیا جانا چاہیے۔ یہ نوڈل افسر ترقیاتی بلاک میں ہونے والے ترقیاتی کاموں، فراہم کیے جانے والے ڈیٹا کی درستگی اور حقیقت کے لیے ذمہ دار ہوگا۔