تہران:ایران کے جنوب مغربی شہرآبادان میں ایک 10 منزلہ تجارتی عمارت کے گرنے سے پیش آنے والے حادثے میں مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 24 ہو گئی ہے۔نیم سرکاری مواصلاتی ایجنسی آئی ایس این اے نے جمعہ کو یہ اطلاع دی۔آئی ایس این اے نے رپورٹ میں جنوب مغربی صوبہ خوزستان کے نائب گورنر احسان عباس پور کے حوالے سے بتایا ہے کہ اب تک 37 زخمیوں میں سے 34 افراد کو اسپتال سے چھٹی مل چکی ہے۔ڈپٹی گورنر نے پہلے بتایا تھا کہ ریسکیو آپریشن میں لگ بھگ 2000 اہلکار شامل ہیں۔ آخری ہلاکت کا پتہ چلنے تک ریسکیو آپریشن جاری رہے گا۔غور طلب ہے کہ آبادان شہر کی گنجان سڑک کے کنارے یہ عمارت تعمیر کی جا رہی تھی۔ اس حادثے کے لئے دس افراد کو گرفتار کیا گیا ہے جبکہ عمارت کے مالک اور ٹھیکیدار کی موت ہو گئی ہے۔ایرانی سڑک اور شہری ترقی کی وزارت نے تعمیر کے دوران تکنیکی اور انجینئرنگ معیارات کی تعمیل میں ممکنہ ناکامی سمیت دیگر وجوہات کاپتہ لگانے کے لئے ایک تحقیقاتی ٹیم بھیجی ہے۔