لاہور // سابق ٹیسٹ کرکٹر عاقب جاوید نے کہا کہ پاکستان کو انگلینڈ کیخلاف اس کے میدانوں میں شیڈول سیریز میں مشکلات کا سامنا کرے گا۔ 48 سالہ عاقب جاوید اس بات پر یقین رکھتے ہیں کہ ان کے ہوم گراؤنڈ پر انگلینڈ کیخلاف جیتنا بہت مشکل کام تھا۔ انہوں نے کہا کہ انگلینڈ میں انگلینڈ کے خلاف جیتنا ایک بہت ہی مشکل کام ہے، ایسا لگتا ہے کہ پاکستان کی ٹیم دوبارہ تعمیر نو کے مرحلے میں ہے، ہم نہیں جانتے کہ کون کھیلے گا اور کون رہ جائے گا، ٹیم کے بارے میں اچھی بات یہ ہے کہ محمد رضوان کی غیر معمولی پرفارمنسز ہے لیکن انہوں نے جس طرح سے ٹیم کا انتخاب کیا ہے وہ میری سمجھ سے بالاتر ہے، سکواڈ میں 4 اوپنر ہیں، انہیں کہاں موقع ملے گا؟، آپ دیکھیں کہ بابراعظم نے بہت زیادہ رنز بنائے ہیں، فخر زمان نے بھی واقعی عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے، رضوان اپنے کیریئر کی بہترین فارم میں ہیں اور انہوں نے تیز رفتار آغاز فراہم کرنے کے لیے شرجیل خان کو منتخب کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اب ان چاروں بلے بازوں کو کہاں کھلانا ہے؟ میں نے انہیں فخر زمان کو نمبر 4 پر کھلاتے دیکھا ہے، وہاں کیا منصوبہ بندی ہے؟، کیا پاکستان میں کوئی بھی ان نمبرز پر بیٹنگ کرنا نہیں جانتا ہے؟ آپ ایک ایسی ٹیم تشکیل دینی ہوتی ہے جہاں آپ کے پاس لائن اپ میں ہر پوزیشن کے لیے ایک سے زیادہ کھلاڑی موجود ہوں، مجھے لگتا ہے کہ آئندہ میچوں میں ہمیں بیٹنگ کا ایک بہت ہی حیرت انگیز نظارہ دیکھنے کو ملے گا۔
سابق کرکٹر نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 6 کے دوران فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی اور سرفراز احمد کے مابین ہونیوالے واقعے کے بارے میں بھی بات کرتے ہوئے کہا کہ انہیں نہیں لگتا کہ شاہین نے کوئی غلط کام کیا ہے۔ عاقب جاوید کا کہنا تھا کہ ایک تیز بولر کے اشارے کرنا فطری ہیں، سرفراز احمد اور شاہین شاہ کے مابین ایک واقعہ ہوا، میرے خیال میں الفاظ کے اس تبادلے میں شاہین نے کوئی غلط کام نہیں کیا، اگر کوئی باؤنسر بلے باز کے سر پر ٹکراتا ہے تو آپ واقعی کسی باؤلر سے معافی مانگنے کے لئے نہیں کہہ سکتے ، ،امپائرز اور میچ ریفری نے بھی شاہین پر غیر ضروری دباؤ ڈالا،میں نے علیم ڈار سے بات کی تھی کہ سرفراز احمد وکٹوں کے پیچھے ہوں تو بیٹسمینوں کو کس کیفیت سے گزرنا پڑتا ہے، میں شاہین سے بات کروں گا مگر آپ کو سرفرازسے بھی اس بارے میں بات کرنی چاہیے،اگر کوئی کیمروں کے سامنے کسی کیلئے غلط الفاظ استعمال کرے تو کیا اس کیلئے کوئی ضابطہ اخلاق نہیں ہے، ان دونوں کے درمیان ماضی میں کوئی رنجش نہیں رہی، میرے خیال میں جارحیت ایک حد تک ہونا چاہیے۔