ڈربی//فاسٹ بائولر حارث رؤف انگلینڈ کے خلاف آئندہ تین میچوں کی ون ڈے سیریز سے قبل عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کے لیے پراعتماد ہیں ۔ پی سی بی کیلئے ساتھی کھلاڑی شاہین شاہ آفریدی سے گفتگو کرتے ہوئے حارث رئوف کا کہنا تھا کہ گرین شرٹس کا بائولنگ اٹیک ورلڈ چیمپئن انگلینڈ کو پریشان کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔انہوں نے شاہین کو بتایا کہ انگلینڈ ہمیشہ ایک مشکل سفر رہا ہے لیکن ہمارا بولنگ کا شعبہ اچھا ہے اور ہم اپنی بائولنگ کے ذریعے میزبان ٹیم کیلئے مشکلات پیدا کریں گے۔ انہوں نے برطانیہ حکومت کی جانب سے سیریز کیلئے سٹیڈیم کے اندر تماشائیوں کو جانے کی اجازت دینے کے فیصلے پر بھی روشنی ڈالی ، انہوں نے کہا کہ وہ اپنے پاکستانی شائقین کے سامنے براہ راست کھیلنے کا بے چین انداز میں انتظار کر رہے ہیں۔شاہین نے حارث رئوف کی بات کی تائید کرتے ہوئے کہا کہ وہ بھی ہمیشہ کرائوڈ کے سامنے پرفارم کرتے ہوئے لطف اندوز ہوتے ہیں۔ دوسری طرف شاہین شاہ آفریدی نے اپنے دوست اور ساتھی کرکٹر حارث رؤف کو سینٹرل کنٹریکٹ میں شامل ہونے پر مبارک باد پیش کی، اس موقع پر حارث رؤف کا کہنا تھا کہ سینٹرل کنٹریکٹ میں شمولیت کی خبر ملنے پر بہت خوش ہوں اور اس سے مزید حوصلہ افزائی بھی ہوگی۔ واضح رہے کہ راولپنڈی میں پیدا ہونے والے حارث رؤف کو پہلی مرتبہ سینٹرل کنٹریکٹ کی کٹیگری سی کا حصہ بنایا گیا ہے۔27 سالہ فاسٹ باؤلر گزشتہ سال ایمرجنگ کٹیگری کا حصہ تھے۔ ان گزشتہ 12 ماہ میں حارث رؤف نے 22 اننگز میں 26.12 کی اوسط اور 7.46 کے اکانومی ریٹ کے ساتھ 31 وکٹیں حاصل کی ہیں۔