دوبئی:ہندوستان کے تجربہ کار بلے باز وراٹ کوہلی نے اپنی فارم، دماغی حالت اور لوگوں کی توقعات کے بارے میں کہا ہے کہ انہیں احساس ہے کہ وہ ‘جھوٹی طاقت دکھا رہے ہیں’ جبکہ انہیں آرام کی ضرورت ہے۔اپنے حالیہ پانچ ہفتوں کے وقفے کے بارے میں بات کرتے ہوئے کوہلی نے ہفتہ کو اسٹار اسپورٹس کو بتایاکہ "10 سالوں میں پہلی بار میں نے ایک ماہ سے بلے کو ہاتھ نہیں لگایا۔ میں بیٹھ گیا اور محسوس کیا کہ میں نے واقعی 30 دنوں میں ایک بار بھی بلا کو نہیں چھوا ہے۔ ایسا میری زندگی میں پہلے کبھی نہیں ہوا تھا۔‘‘انہوں نے کہاکہ "میں نے محسوس کیا کہ میں ماضی میں ‘جھوٹی برتری دکھا رہا تھا۔ میں مسلسل اپنے آپ سے کہہ رہا تھا کہ میں یہ کر سکتا ہوں، لیکن میرا جسم مجھے رکنے کو کہہ رہا تھا۔ میرا دماغ مجھے کہہ رہا ہے کہ رک جاؤ اور ایک قدم پیچھے ہٹ جاؤ۔
ہندوستان کے سابق کوچ روی شاستری نے حال ہی میں کوہلی کی حالت کے بارے میں کہا تھا کہ ان پر کام کا بوجھ بہت زیادہ ہے، اس لیے انہیں وقفہ لینے کی ضرورت ہے۔کوہلی نے شاستری سے اتفاق کرتے ہوئے کہاکہ ’’میں سمجھتا ہوں کہ روی بھائی کیا کہہ رہے تھے۔ وہ کام کے بوجھ کے بارے میں بات کر رہے تھے۔ میں نے پچھلے 10 سالوں میں دوسرے لوگوں کے مقابلے میں 40-50 فیصد زیادہ کرکٹ کھیلی ہے۔ لوگ مجھے ذہنی طور پر مضبوط انسان سمجھتے ہیں، جو میں بھی ہوں، لیکن ہر چیز کی ایک حد ہوتی ہے اور جب آپ اسے نہیں سمجھتے تو یہ آپ کے لیے نقصان دہ ہے۔ اس وقفے نے مجھے بہت کچھ سکھایا، ایسی چیزیں جو میں منظر عام پر نہیں آنے دے رہا تھا۔ جب وہ چیزیں منظر عام پر آئیں تو میں نے انہیں قبول کر لیا۔ (یو این آئی)