نئی دہلی، 2 اکتوبر: وزیر اعظم نریندر مودی نے اتوار ( 2 اکتوبر) کو بابائے قوم مہاتما گاندھی اور سابق وزیر اعظم لال بہادر شاستری کو ان کی 152 ویں یوم پیدائش پر خراج عقیدت پیش کیا۔بابائے قوم گاندھی کو ان کی یوم پیدائش پر خراج عقیدت پیش کرنے کے بعد مسٹر مودی نے لوگوں سے کھادی اور دستکاری کی مصنوعات خریدنے کی اپیل کی۔
ملک کے دوسرے وزیر اعظم لال بہادر شاستری کو ان کی یوم پیدائش پر یاد کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ ان کی سادگی اور فیصلہ سازی کے لیے ملک بھر میں ان کی تعریف کی جاتی ہے۔مسٹر مودی راجدھانی میں راج گھاٹ پر بابائے قوم کی سمادھی گئے اور گلہائے عقیدت نذر کرکےانہیں خراج عقیدت پیش کیا۔ اس موقع پر وہاں کل مذاہب دعائیہ سبھا کا اہتمام کیا گیا۔باپو کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے وزیر اعظم مودی نے ٹویٹ کیا ’’گاندھی جینتی پر بابائے قوم مہاتما گاندھی کو خراج عقیدت۔ اس بار گاندھی جینتی بہت خاص ہے کیونکہ ہندوستان آزادی کا امرت مہوتسو منا رہا ہے۔ میری خواہش ہے کہ ہم ہمیشہ باپو کے نظریات پر قائم رہیں۔ میں آپ سب سے یہ بھی گزارش کرتا ہوں کہ گاندھی جی کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کھادی اور دستکاری کی مصنوعات خریدیں‘‘۔
مسٹر مودی سابق وزیر اعظم لال بہادر شاستری کو خراج عقیدت پیش کرنے وجے گھاٹ پہنچے۔ انہوں نے کہا ’’لال بہادر شاستری جی کی سادگی اور فیصلہ سازی کے لیے پورے ہندوستان میں تعریف کی جاتی ہے۔ ہماری تاریخ کے ایک اہم موقع پر ان کی مضبوط قیادت اور تعاون کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ (یو این آئی)