لندن// قومی ٹیم کے فاسٹ باؤلر وہاب ریاض کو غلط ویزے پر انگلینڈ جانا مہنگا پڑ گیا۔ تفصیلات کے مطابق فاسٹ باؤلر وہا ب ریاض 21 جولائی سے شروع ہونے والے ’دی 100‘ ٹورنامنٹ میں شرکت کے لیے انگلینڈ پہنچے تو ایئرپورٹ پر امیگریشن حکام نے انہیں کہا کہ آپ غلط ویزے پر لندن آئے ہیں جس کے بعد ورک پرمٹ ویزہ نہ ہونے کے باعث انہیں پاکستان واپس بھیج دیا گیا۔رابطہ کیے جانے پر وہاب ریاض کا کہنا تھا کہ وہ ویزہ ٹھیک کروا کر دوبارہ انگلینڈ جائیں گے۔ یاد رہے کہ وہاب ریاض لیگ کے اوپننگ سیزن میں آسٹریلیا کے نیتھن کورٹنائل کی جگہ ٹرینٹ راکٹس کے لیے ایکشن میں نظر آئیں گے۔ وہاب ریاض ساتھی قومی فاسٹ بائولر محمد عامر کے ساتھ لیگ میں کھیلنے والے دوسرے پاکستانی کی حیثیت سے شامل ہوں گے۔لیگ سپنر شاداب خان اور شاہین شاہ آفریدی نے قومی ٹیم کی نمائندگی کرنے کی غرض سے اپنی عدم دستیابی کا اعلان کردیا ہے۔وہ دونوں ٹی ٹونٹی اور ٹیسٹ سیریز کے لئے ویسٹ انڈیز کا سفر کریں گے۔ دی 100 رواں سال 21 جولائی کو شروع ہوگا اور اس کا فائنل 21 اگست کو ہوگا۔ پوری دنیا میں موجودہ کوویڈ 19 کی وجہ سے لیگ گذشتہ سال ملتوی کردی گئی تھی۔