حیدرآباد : 10 جولائی :ریاستی وزیربلدی نظم و نسق کے ٹی آر نے کہا کہ دریائے کرشنا کے پانی کے مسئلہ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ متحدہ ضلع محبوب نگر کی فصلوں کو پانی سیراب کرنے کیلئے ضرورت پڑنے پر آندھراپردیش سے تو کیا بھگوان سے بھی لڑائی کرتے ہوئے دریائے کرشنا کا پانی حاصل کریں گے۔ جب تک چیف منسٹر کے عہدہ پر کے سی آر فائز ہے متحدہ ضلع محبوب نگر سے نااتفاقی ہونے نہیں دی جائے گی۔ قانون کے مطابق تلنگانہ کو جو پانی حاصل ہوتا ہے وہ ہر حال میں لے کر رہیں گے۔ پالمور۔ رنگاریڈی پراجکٹ کو بہت جلد مکمل کرنے کا اعلان کیا۔ کے ٹی آر نے آج ضلع نارائن پیٹ میں مختلف ترقیاتی پروگرامس میں حصہ لیا بالخصوص نارائن پیٹ ضلع ہاسپٹل میں چھوٹے بچوں کے آئی سی یو وارڈ کا افتتاح کیا۔ انسٹگرٹیڈ مارکٹ، مجاہدین کے یادگار پارک کا سنگ بنیاد رکھا۔ ضلع ہیڈکوارٹر میں پٹناپرگتی فنڈز کے ذریعہ تعمیر کردہ چلڈرنس سائنس پارک کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر یہاں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کے ٹی آر نے کہا کہ تلنگان میں جن اسکیمات پر عمل آوری ہورہی ہے۔ اس طرح کی ایک بھی اسکیم پر پڑوسی ریاستوں میں عمل آوری نہیں ہورہی ہے۔ ریتو بندھو، ریتو بیمہ، شادی مبارک، کلیان لکشمی وغیرہ پڑوسی ریاستوں میں عمل آوری ہورہی ہے۔ کیا اس کا نارائن پیٹ کے عوام جائزہ لیں۔ ملک میں سب سے زیادہ تلنگانہ میں فصلیں تیار ہورہی ہیں۔ بڑے پیمانے پر زرعی شعبہ سے متعلق صنعتیں قائم ہورہی ہیں۔ ماضی میں 14 دن میں ایک مرتبہ پینے کا پانی سربراہ کیا جاتا تھا۔ اب ایک دن کے وقفہ سے پانی سربراہ کیا جارہا ہے۔ ضلع نارائن پیٹ میں جدید کلکٹریٹ اور ایس بی عمارتوں کی بھی تعمیر کی جارہی ہے۔ سیاست سے بالاتر ہوکر گرام پنچایتوں اور میونسپلٹیز کو فنڈز جاری کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے عوام سے بڑے پیمانے پر شجرکاری کے پروگرام میں حصہ لینے کا مشورہ دیا۔