نئی دہلی: سابق ہندوستانی مڈل آرڈر بلے باز یشپال شرما کا منگل کے روز ہارٹ اٹیک کی وجہ سے انتقال ہوگیا ہے۔ یشپال شرما 1983 میں کپل دیو کی قیادت میں عالمی کپ جیتنے والی ٹیم کے رکن تھے۔ انہوں نے 37 یک روزہ اور 42 ٹسٹ میں ہندوستان کی نمائندگی کی ہے۔ وہ 83-1979 تک ہندوستانی مڈل آرڈر بلے بازی کا اہم حصہ تھے۔ انہوں نے کچھ سالوں کے لئے قومی سلیکٹر کے طور پر کام کیا اور سال 2008 میں انہیں پھر سے پینل میں نامزد کیا گیا۔یشپال شرما 66 سال کے تھے۔ وہ 1983 کے عالمی کپ میں ہندوستان کی طرف سے سب سے زیادہ رن بنانے والے دوسرے کھلاڑی تھے۔ انہوں نے 37 ٹسٹ میچوں میں 33.45 کی اوسط سے 1606 اور 42 ونڈے میچوں میں 28.48 کی اوسط سے 883 رن بنائے۔انٹرنیشنل کرکٹ کے علاوہ گھریلو کرکٹ میں بھی یشپال شرما نے خوب رن بنائے۔ انہوں نے 160 فرسٹ کلاس میچوں میں 44.88 کی اوسط سے 8933 رن بنائے۔ وہیں، 74 لسٹ اے میچوں میں 34.42 کی اوسط سے 1859 رن بنائے۔